چند گھنٹوں کی بارش نے پورے شہر کا نظام زندگی درہم برہم کر کے رکھ دیا ہے انیس قائم خانی
July 26, 2020
*مورخہ 26 جولائی 2020*
(پریس ریلیز) پاک سرزمین پارٹی کے صدر انیس قائم خانی نے کہا کہ چند گھنٹوں کی بارش نے پورے شہر کا نظام زندگی درہم برہم کر کے رکھ دیا ہے۔ ایک طرف تو کرپٹ صوبائی اور بلدیاتی حکومتوں کی نااہلی کے باعث سارا شہر سیوریج کے پانی میں ڈوب چکا ہے، لوگوں کے گھروں میں ابلتے گٹروں اور نالوں کا پانی داخل ہوچکا ہے جبکہ کے الیکٹرک کے ناقص ترین ترسیلی نظام کی وجہ شہر نا صرف اندھیرے میں ڈوب گیا ہے بلکہ کرنٹ لگنے سے اموات کا شدید خدشہ بھی ہوگیا ہے۔ سندھ حکومت، بلدیاتی حکومت اور کے الیکٹرک اہلیانِ کراچی کو نوچ نوچ کر اپنی جیبیں گرم کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کلب کے باہر “کراچی دشمنی بند کرو” کے عنوان سے احتجاجی مظاہرے کو موسلادھار بارش میں صوبائی و بلدیاتی حکومت اور کے الیکٹرک کی نااہلی کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال کے باعث ملتوی کرنے کے لیے جاری ویڈیو پیغام میں اہلیانِ کراچی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انیس قائم خانی نے مزید کہا کہ کراچی بھر سے عوام کا سمندر شدید بارش میں بھی سندھ حکومت کے خلاف احتجاج میں شرکت کرنے کے لیے تیار ہے جو نااہل حکمرانوں کے خلاف پارٹی چیئرمین سید مصطفیٰ کمال کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے سڑکوں پر ہوگا۔ بارشوں کے بعد جلد ایک احتجاجی مظاہرہ کر کے حکمرانوں کو عوام کی جانب سے غفلت کی نیند سے بیدار کرنے کے لیے عوامی طاقت کا مظاہرہ کریں گے۔ پاک سرزمین پارٹی وہ واحد سیاسی جماعت ہے جسکے قیام کا مقصد ہی عوام کو انکے جائز حقوق دلوانا ہے، پی ایس پی زبانی جمع خرچ کی قائل نہیں، چئیر مین پاک سر زمین پارٹی سید مصطفیٰ کمال کا ماضی گواہ ہے کہ انہوں نے پاکستان کی معاشی شہ رگ کے مسائل نا صرف حل کیے بلکہ کراچی کو دنیا کے تیزی سے ترقی کرنے والے شہریوں کی فہرست میں لا کھڑا کیا۔ ہمارے پاس پاکستان کے تمام مسائل کے قابل عمل حل موجود ہیں۔ ہم سندھ حکومت کو تنبیہ کرتے ہیں کہ کراچی پر ظلم بند کرے ورنہ عوام کو قبلہ درست کرانا آتا ہے۔