موجودہ صورتحال میں پاکستان نہیں چل سکتا ،مصطفیٰ کمال
July 24, 2020
مورخہ 24 جولائی 2020
پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا کہ 72 سالوں میں پاکستان کے حالات اتنے سنگین نہیں تھے جتنے آج ہیں، گورننس نا ہونے کے باعث چند ماہ میں لاکھوں لوگ بے روزگار ہوچکے ہیں، مڈل کلاس غربت کی لکیر تک پہنچ گئی، کروڑوں افراد بھوک اور افلاس کی زد میں آچکے ہیں، مائیں اپنے بچوں سمیت خودکشیاں کر رہی ہیں، مہنگائی نے تمام پچھلے ریکارڈ توڑ دیے، قوم گٹر ملا پانی پینے اور بجلی کے بغیر زندگی گزارنے پر مجبور ہے۔ اس صورتحال میں پاکستان نہیں چل سکتا۔
اگر پاکستان کو کوئی اس سنگین بحران سے نکال سکتا ہے تو وہ صرف پی ایس پی ہے کیونکہ پاک سر زمین پارٹی وہ واحد سیاسی جماعت ہے جو پاکستان کے تمام مسائل کے قابل عمل حل پیش کر رہی ہے۔ یہ حل کتابی یا تھیوری پر مبنی نہیں بلکہ یہ تمام کام ہم عملی طور پر کرچکے ہیں۔ اگر پاکستان میں گوڈ گورننس کی کوئی مثال موجود ہے تو وہ ہمارے ماضی میں کئے گئے کام ہیں۔ پاک سر زمین پارٹی گراس روٹ کی سیاسی جماعت ہے جو گلیوں اور مُحلوں سے ابھری ہے اسی لیے صرف ہمیں ہی پاکستان کے مسائل اور انکے قابل عمل حل کا بخوبی ادراک ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان کے کارکنان سے وڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے حکمران سیاسی پوائنٹ اسکورنگ سے باہر ہی نہیں آرہے کہ انہیں سسکتی بلکتی عوام نظر آئے۔ ان حالات میں پاک سرزمین پارٹی ہی عوام کے پاس واحد آپشن ہے، پی ایس پی کا مقصد پاکستان کی خوشحالی ہے، پی ایس پی کا ہر کارکن پاکستان کے استحکام کی ضمانت ہے۔