زبانی کلامی دعووں، یکے بعد دیگرے پریس کانفرنسز سے تبدیلی نہیں آتی، مصطفی کمال
July 20, 2020
*مورخہ 20 جولائی 2020*
(پریس ریلیز) چئیر مین پاک سر زمین پارٹی سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ زبانی کلامی دعووں، یکے بعد دیگرے پریس کانفرنسز سے تبدیلی نہیں آتی۔ وقت ہر حقیقت پر سے پردہ اٹھا دیتا ہے۔ آج موجودہ اور ماضی کے حکمرانوں کے تمام کرتوت سامنے آرہے ہیں، جس سے عوام ان نام نہاد لیڈران سے بدظن ہوگئے ہیں۔ پی ایس پی کے ہر کارکن کو اس ملک اور آنے والی نسلوں کی بقا کی خاطر حق بات کا پرچار کرنا ہوگا تب جا کہ ہم ظالموں کے خلاف ایسی طاقت بن کر ابھریں گے کہ ظالم ظلم کرنے سے ڈرے، اس کیلئے عملی جدوجہد کی ضرورت ہے جس کیلئے ملک کے ہر حصے میں ہمارا پیغام پہنچانا ہوگا۔ جس کا سب سے موثر ذریعہ آج کی دنیا میں سوشل میڈیا ہے۔ عملی جدوجہد کیلئے عوام کو گھروں سے نکلنا ہوگا اور یہ اسے صورت ممکن ہے جب عوام الناس کو حالات سے آگاہی ہوگی، عوام کے حقوق کی جنگ لڑنے کے لیے عوام کو بھی ہر محاذ پر ساتھ دینا ہوگا۔ ہمارے پاس دنیاوی لحاظ سے لوگوں کو دینے کیلئے فی الحال کچھ موجود نہیں لیکن اس کے باوجود لوگ ہمارے ساتھ اتنی بڑی تعداد میں کھڑے ہوچکے ہیں کہ جیتی ہوئی پارٹیوں کا ہم سے کوئی مقابلہ نہیں ہے۔ یہ بات انہوں نے پاکستان ہاؤس میں منعقدہ سوشل میڈیا کنوینشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ کنوینشن میں صدر پاک سر زمین پارٹی انیس قائم خانی، سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی اور نیشنل کونسل کے اراکین کے علاؤہ مرکزی سائبر میڈیا سیل کے انچارج نادر قریشی اور پی ایس ایس ایف کے مرکزی صدر انجینئر عثمان اور پی ایس پی سائبر میڈیا کے ہزاروں کارکنان نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم ہی لوگوں کیلئے امید کی کرن ہیں کیونکہ ہم وہ واحد سیاسی جماعت ہیں جو عوامی مسائل کے حل بھی تجویز کر رہے ہیں۔نوجوان پی ایس پی کا سب سے بڑا اثاثہ ہیں، مخالفین کے پاس اپنا کام دکھانے کے لیے کچھ بھی نہیں ہے اس لیے ہمیں اپنا بہتر متبادل دیکھ کر ہمارے خلاف پروپیگنڈوں میں مصروف رہتے ہیں۔ ایسے لوگ ملک و قوم کے دشمن ہیں جنہیں دلیل کے ساتھ جواب دے کر قوم کو غلط راہ پر گامزن کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔ سید مصطفیٰ کمال نے تمام وطن پرست کارکنان جو کہ گلی محلوں اور بالخصوص سوشل میڈیا پر حق بات کے داعی ہیں خراجِ تحسین پیش کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ تمام لوگوں کا حامی و ناصر ہو جو جراتمندانہ طریقے سے صحیح کو صحیح اور غلط کو غلط کہہ کر برائی کو روکنے کی کوششوں میں اپنا حصہ ڈالتے ہیں۔اس موقع پر مرکزی سائبر میڈیا سیل کے انچارج نادر قریشی اور پی ایس ایس ایف کے مرکزی صدر انجینئر عثمان نے بھی کنوینشن کے شرکاء سے خطاب کیا۔