پاک سر زمین پارٹی مطالبہ کرتی ہے کہ فوری طور تنخواہوں میں کٹوتی کا فیصلہ واپس لیا جائے ، ڈاکٹر سراج
July 7, 2020
پاک سر زمین پارٹی
مورخہ 7 جولائی ،2020
پاک سر زمین پارٹی کی نیشنل کونسل کے رکن ڈاکٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ڈاو یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل اسٹاف اور عملے کی تنخواہیں میں پچاس فیصد کٹوتی کے فیصلے کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کرونا وائرس کے تناظر میں فیصلے کو تشویشناک قرار دیا ہے۔ پاکستان ہاوس سے جاری ایک بیان میں پی ایس پی کے رہنما ڈاکٹر سراج الحق نے کہا کہ قوموں پر مشکل وقت آکر گزر جاتے ہیں لیکن زندہ قومیں اپنے محسنوں کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھتی اور یاد رکھتی ہیں۔ پاکستان کے ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل اسٹاف اور طبی عملہ کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے خلاف جنگ میں سب سے اگلے مورچوں پہ اپنی اور اپنے اہل خانہ کی جانوں کی پرواہ کیے بغیر کورونا مریضوں کے ساتھ دیگر امراض کے مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کرنے میں دن رات مصروف ہیں۔ افسوس کا مقام ہے کہ پاکستان شاید دنیا کا واحد ملک ہے جہاں ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل اسٹاف اور عملے کی تنخواہوں میں اضافہ اور مزید سہولیات مہیا کرنے کے بجائے انکی تنخواہوں میں کمی کی جارہی ہے۔ پاک سر زمین پارٹی مطالبہ کرتی ہے کہ فوری طور تنخواہوں میں کٹوتی کا فیصلہ واپس لیا جائے اور ڈاؤ میڈیکل یونیورسٹی کے تمام ڈاکٹرز اور عملے کو مزید سہولیات مہیا کی جائیں۔