مصطفیٰ کمال کا وفاقی کابینہ کی جانب صوبوں کو پروونشئیل فائنانس کمیشن کے قیام اور اجراء کی ہدایت کے فیصلے کو خوش آئند قرار
July 3, 2020
*مورخہ 3 جولائی 2020*
(پریس ریلیز) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے وفاقی کابینہ کی جانب صوبوں کو پروونشئیل فائنانس کمیشن کے قیام اور اجراء کی ہدایت کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیا ہے، فیصلے کی حمایت کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے وزیراعظم پاکستان عمران خان سے مطالبہ کیا کہ وزیراعظم بذات خود پی ایف سی ایوارڈ کے ذریعے صوبوں سے ڈسٹرکٹ کی سطح تک وسائل کی منتقلی کے فیصلے پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔ پاک سر زمین پارٹی وہ واحد سیاسی جماعت ہے جو پہلے دن سے پی ایف سی ایوارڈ کے قیام اور اجراء کا مطالبہ کر رہی ہے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ یہ اہم ترین معاملہ دیگر معاملات کی طرح تعطل کا شکار نہیں ہوگا اور وزیراعظم زبانی کلامی دعوؤں کے بجائے صوبائی مالیاتی کمیشن کے قیام کے معاملے کو عوام کے وسیع تر مفاد اور ملکی مسائل کے حل کے لیے ناگزیر قرار دے کر احسن انداز میں پائے تکمیل تک پہنچائیں گے۔ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں جہاں وزیراعظم کی پارٹی کی حکومت ہے وہاں فی الفور پی ایف سی ایوارڈ کے اجراء کے فیصلے پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔ نیز سندھ اور بلوچستان کو بھی پی ایف سی کے اجراء کے لیے پابند کیا جائے۔ پاکستان ہاؤس سے جاری ایک بیان میں مصطفٰی کمال نے وزیراعظم عمران خان سے مزید مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم این ایف سی ایوارڈ کے ذریعے صوبوں کو ملنے والی رقم کو پی ایف سی ایوارڈ سے مشروط کر کے ڈسٹرکٹ کی سطح تک وسائل منتقل کروائیں۔ صوبوں سے ڈسٹرکٹ کو وسائل کے منتقلی کسی وزیر اعلیٰ کی صوابدید پر منحصر نہیں ہونا چاہیئے۔ پاک سرزمین پارٹی پہلے روز سے یہی مطالبہ کر رہی ہے کہ این ایف سی ایوارڈ کو پی ایف سی ایوارڈ سے مشروط کیا جائے۔ جس فارمولے سے صوبوں کو وفاق سے پیسے ملتے ہیں اسی فارمولے کے تحت صوبوں سے تمام ڈسٹرکٹس کو وسائل ملنے چاہئیں۔