مصطفیٰ کمال کا ای سی سی اجلاس میں کے الیکٹرک کو بجلی کے نرخ بڑھانے کی اجازت دینے کے فیصلے کو یکسر مسترد کرتے ہوئے اس فیصلے کو کراچی دشمنی قرار دیا ہے۔
July 3, 2020
*مورخہ 3 جولائی 2020*
(پریس ریلیز) چیئرمین پاک سرزمین پارٹی سید مصطفیٰ کمال نے ای سی سی اجلاس میں کے الیکٹرک کو بجلی کے نرخ بڑھانے کی اجازت دینے کے فیصلے کو یکسر مسترد کرتے ہوئے اس فیصلے کو کراچی دشمنی قرار دیا ہے۔ مصطفیٰ کمال نے وزیراعظم عمران خان اور ای سی سی کو کراچی میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور ابراج گروپ کی من مانیوں کی حمایت کرنے پر سخت تنقید کانشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ بجائے اسکے کہ طویل و ناجائز لوڈ شیڈنگ اور کراچی کی عوام سے لوٹے گئے 55 ارب روپے پر کے الیکٹرک کی سرزنش کی جاتی، وزیراعظم نے کے الیکٹرک کو اہل کراچی کو مزید لوٹنے کی سرکاری کلین چٹ دے دی ہے۔ سب سے افسوسناک امر یہ ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اہلیان کراچی کے مفادات کو داؤ پر لگا کر کے الیکٹرک کے مالک عارف نقوی سے اپنی ذاتی دوستی نبھائی۔ مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ پہلے عمران خان کے قریبی لوگوں نے چینی کے زریعے عوام کو لوٹا اور اب ان کے قریبی ساتھی عارف نقوی کراچی کی عوام کا معاشی قتلِ عام کر کے سرکاری پشت پناہی میں عوام کو لوٹیں گے۔ زیادہ منافع خوری کے ذریعے عوام کی جیبوں سے نکالی گئی رقم واپس کرنے کے بجائے کے الیکٹرک اُلٹا عوام کی جیبوں پر مزید 2 روپے 89 پیسے فی یونٹ کا سرکاری ڈاکہ ڈال رہی ہے۔ پاکستان کا ستر فیصد ریونیو دینے والا شہر کراچی سے سوتیلی ماں جیسا سلوک بند کیا جائے۔ کراچی سے سب سے زیادہ نشستیں حاصل کرکہ حکومت بنانے والوں کی کابینہ میں کراچی کے حق میں آواز اٹھانے والا ایک شخص بھی موجود نہیں ہے۔ جب تک حقیقی عوامی نمائندے ایوانوں میں نہیں ہونگے تب تک عوامی مفادات کا خون ہوتا رہے گا۔ گزشتہ مارچ میں ای سی سی نے کے الیکٹرک کو 26 ارب کا پیکج دیا اور پچھلے ماہ ہی وفاق کی جانب سے کراچی کو بجلی کی مد میں دی جانے والی سبسڈی آدھی کر دی گئی جس سے بجلی کے بلوں میں تقریباً 20 فیصد اضافہ ہوا۔ سبسڈی آدھی کرنے کے بعد بجلی کے نرخ 2.89 پیسہ بڑھا کر عوام کے زخموں پر نمک چھڑکا ہے۔ کراچی کی عوام کو وفاقی حکومت کے ناجائز فیصلوں سے حکومتی ترجیحات کا پتہ لگ چکا ہے۔ مصطفیٰ کمال نے متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت، نیپرا اور کے الیکٹرک ناصرف عدالتوں میں عوام کو جوابدہ ہونگے بلکہ شدید عوامی ردعمل کے لیے بھی تیار رہیں۔ کے الیکٹرک کی جانب سے شہریوں کو ناجائز لوڈ شیڈنگ کا نشانہ بنانے اور زائد بلوں کی ادائیگی پر پی ایس پی کراچی کے عوام کے ساتھ ہر ممکنہ جدوجہد میں شانہ بشانہ موجود ہے اور اس سلسلے میں بہت جلد لائحہ عمل کا اعلان کرئے گی۔