مصطفیٰ کمال کی زیر صدارت اجلاس، کراچی کے مسائل پر تبادلہ خیال
May 31, 2020
پاک سر زمین پارٹی
مورخہ 31 مئی2020
پاک سر زمین پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی اور نیشنل کونسل کا اہم اجلاس پاکستان ہاؤس کراچی میں منعقد ہوا، جس میں ملک کی موجودہ صورتحال سمیت کورونا کیسز اور اموات میں تیزی سے اضافے، کراچی میں پینے کے پانی کی نایابی اور پی ایس پی فاؤنڈیشن کی سرگرمیوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس کی صدارات پی ایس پی کے چئیر مین سید مصطفیٰ کمال نے کی۔ اجلاس میں حکومتی تذبذب کے باعث پاکستان میں بڑھتے ہوئے کورونا کیسز پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا، چئیر مین پاک سر زمین پارٹی سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ سنگین ترین حالات میں بھی حکمرانوں نے ہوش سے کام لینے کے بجائے اپنی سیاست بچانے پر ساری صلاحیت صرف کرکہ نا صرف پوری قوم کو داؤ پر لگا دیا ہے بلکہ قوم کو متحد کرنے کا نادر ترین موقع بھی کھو دیا ہے۔ روز میڈیا پر اعلانات کرنے والے نااہل وفاقی اور صوبائی حکومتیں اپنے ہی احکامات کو نچلی ترین سطح پر نافذ العمل کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہیں، نااہل حکمران کسی صورت بھی کرونا کے کیسز اور اموات میں تیزی سے اضافے پر عوام کو مورد الزام نہیں ٹھرا سکتے۔ ان حالات میں عوام حکمرانوں سے امید لگانا بند کردیں، پی ایس پی قوم کو نااہل حکمرانوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑے گی۔ سید مصطفیٰ کمال نے کارکنوں کو ہدایت جاری کی فوری طور پر اپنے علاقوں میں قرنطینہ مراکز کے لیے جگہیں دیکھنا شروع کردیں۔ اجلاس میں کراچی کے مختلف علاقوں میں پانی کی شدید قلت پر تشویش کا اظہار کیا۔ کراچی کو زائد پانی دینا تو دور کی بات ہے، کراچی کو اسکے حصے کا پانی بھی نہیں دیا جارہا۔ اجلاس نے بجلی کی لوڈ شیڈنگ، کے الیکٹرک اور حیسکو کی کارکردگی پر بھی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پورے ملک میں سب سے زیادہ مہنگی بجلی کراچی کو فراہم کی جاتی ہے اور سب سے زیادہ لوڈ شیڈنگ کا سامنا بھی کراچی کرتا ہے۔ ملک کو 70 فیصد ریونیو دینے والے شہر کیساتھ دشمنوں جیسا سلوک کیا جارہا ہے۔ پورے حیدرآباد شہر میں بجلی کی غیر اعلانیہ طویل لوڈ شیڈنگ جاری رہنا باعث تشویش ہے۔ اس سلسلے میں پاک سر زمین پارٹی کے آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی غور کیا گیا۔ اجلاس میں پی ایس پی فاؤنڈیشن کے تحت جاری امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے تفصیلی بریفننگ دی گئی اور بتایا گیا کہ پی ایس پی فاؤنڈیشن اپنی مدد آپ کے تحت پاکستان کے مختلف علاقوں میں اب تک کروڑوں روپے مالیت کی امدادی سامانِ سفید پوش خاندانوں میں تقسیم کر چکی ہے اور یہ سلسلہ جاری ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پاکستان کے اکثر علاقوں میں پی ایس پی فاؤنڈیشن کے تحت جراثیم کش اسپرے بھی جاری ہے۔ اس موقع پر پی ایس پی کے صدر انیس قائم خانی نے کہا کہ پی ایس پی ہر مظلوم کی آواز ہے کیونکہ ہم اپنے ذاتی مفادات کے حصول کے لئے سیاست نہیں کر رہے بلکہ پی ایس پی سیاست برائے خدمت پر یقین رکھتی ہے اور اسی جذبے کے تحت ہم عوام کی خدمت کر رہےہیں