پی ایس پی کے وائس چیئرمین اشفاق احمد منگی اور سابق وزیر اعلی سندھ لیاقت علی خان جتوئی کا ٹیلیفونک رابطہ
May 28, 2020
*مورخہ 28 مئی 2020*
(پریس ریلیز) پاک سر زمین پارٹی کے سینئر وائس چیئرمین اور سابق رکن سندھ اسمبلی اشفاق احمد منگی اور سابق وزیر اعلی سندھ لیاقت علی خان جتوئی کا ٹیلیفونک رابطہ ہوا۔ جس میں باہمی دلچسپی اور سندھ کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ سندھ کے روشن مستقبل، ترقی اور خوشحالی کے لئے برسوں سے اقتدار پر قابض بڑے بڑے بتوں کو گرانے کی ضرورت ہے جس کیلئے سندھ کے دانشوروں، محب وطن سیاستدانوں اور دیگر عمائدین کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ سندھ کی ترقی سے پاکستان کی ترقی وابستہ ہے۔ اشفاق احمد منگی نے لیاقت علی خان جتوئی کو پاک سرزمین پارٹی کی جدوجہد اور نظریے سے بھی آگاہ کیا اور موجودہ ملکی صورتحال میں آئندہ کے لائحہ پر بھی تبادلہ خیال کرتے ہوئے عوام کے وسیع تر مفاد میں اٹھائے جانے والے مثبت اقدامات کی حمایت کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ ہم کراچی سے کشمور تک محبت کے پیغام کا پرچار بھرپور انداز میں کر رہے ہیں، ضرورت اس بات کی ہے کہ اب دیگر عوامی رہنما بھی کئی دہائیوں سے جاری متعصبانہ پالیسیوں کے خلاف بھرپور آواز اٹھائیں تاکہ سندھ کے نظریاتی محاذوں پر جو اختلافات قومی مفادات کے بجائے حکمرانوں کے سیاسی مفادات کے حصول کی جنگ کی وجہ سے پیدا ہوئے انکا خاتمہ ہو اور سب مل کر حقیقی مسائل پر توجہ دے کر انکا خاتمہ کر کے مل کر ترقی کریں۔