قوم حکومت بنانے والوں کی نااہلی سے مایوس ہوچکی ، مصطفیٰ کمال
May 20, 2020
پاک سر زمین پارٹی
مؤرخہ ،20 مئی 2020
پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا کہ قوم بلند و بانگ دعوے کرکہ حکومت بنانے والوں کی نااہلی سے مایوس ہوچکی ہے۔ قوم نے دیکھ لیا کہ کرونا وائرس کے دوران لاک ڈاؤن میں وہ پی ایس پی جس کے پاس آج ایک کونسلر تک نہیں ہے وہ عوام کی خدمت کے لیے دن رات کوشاں ہے لیکن وزراء اور گورنروں کی سیاسی جماعتیں کہیں نظر نہیں آرہیں۔ عوام اعتراف کررہی ہے کہ مسئلہ کبھی بھی اختیار کا نہیں بلکہ کردار کا ہے۔ پی ایس پی نے لسانیت کے بت کو توڑ کر بھائی کو بھائی سے ملایا ہے یہی وجہ ہے کہ آج عوام جوق در جوق پاک سر زمین پارٹی میں شمولیت کر رہی ہے جبکہ وزیراعظم، وزرا، گورنر اور مئیر کی سیاسی جماعتیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔ پی ایس پی کی تنظیم کراچی سے کشمیر تک منظم و فعال ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ہاؤس میں لیاقت آباد سے تعلق رکھنے والے جبل پور کمیونٹی کے وفد کی پاک سر زمین پارٹی میں شمولیت کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے بیشتر عوامی مسائل اٹھارویں ترمیم میں مزید ترمیم کرکے حل کیے جاسکتے جس میں پی ایف سی ایوارڈ کا اجراء شامل ہے تاکہ اختیارات اور وسائل نچلی سطح پر منتقل ہوں جبکہ موجودہ صورتحال میں وسائل صوبوں میں وزیر اعلیٰ کے پاس محدود ہو کر رہ گئے ہیں۔ اس موقع پر علماء رابطہ کمیٹی کے صدر اور ڈسٹرکٹ سینٹرل کے رکن انجینئر نبیل ناصر بھی موجود تھے