پی ایس پی پاکستان کے ہر شہری کی جماعت ہے جو اپنے لوگوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گی, مصطفی کمال
May 12, 2020
مورخہ 12 مئی 2020
چئیر مین پی ایس پی مصطفی کمال نے کہا ہے کہ کراچی سندھ کا 90 فیصد ریونیو پیدا کرتا ہے اور اس کے باوجود کراچی کا کچرا نہیں اٹھتا۔ کراچی پاکستان کے بجٹ کا 70 فیصد کما کر دیتا ہے مگر اس کے باوجود پورے پاکستان میں سب سے مہنگی گیس اور بجلی کراچی کو فراہم کی جاتی ہے۔ اس صورتحال کے پیشِ نظر قوم میں شدید اضطراب پایا جاتا ہے ۔ یہ بات انہوں نے تاجر برادری کے نمائندہ وفد سے پی ایس پی کے مرکز پاکستان ہاؤس میں ملاقات کے دوران کہی، تاجروں کا وفد تاجروں کی پرزور و بروقت آواز بننے پر سید مصطفئ کمال کا شکریہ ادا کرنے پاکستان ہاؤس پہنچا تھا۔ مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کی سندھ میں بارہ سال سے حکومت ہونے کے باوجود سندھ کے چپے چپے کی صورتحال ناگفتہ بہ ہے۔ پاک سر زمین پارٹی کی بنیاد ظلم و جبر کے خلاف سینہ سپر ہونے کی ہے، ہمارا کردار ہمارے حوصلے کی دلیل ہے۔ پی ایس پی پاکستان کے ہر شہری کی جماعت ہے جو اپنے لوگوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گی۔ تاجر برادری کے وفد میں تاجر رہنما جمیل پراچہ، رضوان عرفان، سلیم میمن اور دیگر تاجر رہنما شامل تھے۔