کے ڈی اے میں ایڈھاک ورک چارج ملازمین دو سال سے تنخواہوں سے محروم ہیں,شبیر قائم خانی
May 10, 2020
پاک سر زمین پارٹی سندھ کے صدر اور رکن نیشنل کونسل شبیر قائم خانی نے کہا ہے کہ کے ڈی اے میں ایڈھاک ورک چارج ملازمین دو سال سے تنخواہوں سے محروم ہیں، جبکہ تین ملازمین اس دوران کسمپرسی کے عالم میں انتقال کرگئے۔ ان ملازمین کی تمام تر زمہ داری وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ کی ہے۔ زیادہ تر ملازمین کو نوکری سے وابستہ پانچ سال سے زائد کا عرصہ ہوچکا ہے اب ان ملازمین کی تنخواہوں کو جانچ پڑتال کے نام پر روکنا سراسر زیادتی ہے۔ پاک سر زمین پارٹی کی ادراہ ترقیات کے ڈی اے کے ورک چارج اور ایڈھاک ملازمین کے مسائل پر گہری نظر ہے اور اس سلسلے پاک سر زمین پارٹی کی حمایت یافتہ وطن پرست لیبر یونین ان ملازمین کی شکایات کو رفع کرنے کے لیے کئی بار وزیر موصوف کو تحریری شکایات جمع کروا کر اپنا احتجاج ریکارڈ کراچکی ہے لیکن تاحال یہ مسئلہ تعطل کا شکار ہے۔ شبیر قائم خانی نے مزید کہا کہ ملازمین اپنے آپ کو تنہا ناسمجھیں، پی ایس پی پاکستان کے ہر فرد کی آواز ہے، اگر ان ملازمین کے مسائل حل نہیں کیے گئے تو مجبورا پاک سر زمین پارٹی لیبر فیڈریشن وزیر اعلیٰ ہاؤس کے سامنے احتجاج ریکارڈ کرانے کا حق رکھتی ہے۔ شبیر قائم خانی نے وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ اور وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ سے اپیل کرتے ہوئے امید ظاہر کی وزیر اعلیٰ اور وزیر بلدیات اس ضمن میں مثبت کاروائی کریں گے اور لاک ڈاؤن کے دوران پریشانی کا شکار ان مظلوم ملازمین کو انکا جائز حق دلوائیں گے۔