لوگ ہمارا کردار دیکھ کر ہم سے جڑ رہے ہیں،مصطفی کمال
May 2, 2020
پاک سر زمین پارٹی
مورخہ 2 مئی 2020
پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا کہ پاک سر زمین پارٹی ایک کونسلر بھی نا ہونے کے باوجود آج ہر محب وطن پاکستانی کے دل کی آواز بن چکی ہے، لوگ ہمارے کردار، صلاحیت، خدمت اور بھائی چارے کے جزبے کو اپنی آنکھوں سے دیکھ کر روزانہ کی بنیاد پر ہم سے جڑ رہے ہیں، جبکہ تمام تر اختیارات اور وسائل رکھنے کے باوجود صدر، وزیراعظم، وزراء اعلیٰ اور مئیر کی جماعتیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں کیونکہ مسئلہ اختیار کا نہیں بلکہ کردار کا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ہاؤس میں اکاخیل براداری کے 150 عمائدین سمیت شاہنواز گوٹھ، نیازی گوٹھ مدینہ کالونی سے پیپلز پارٹی،تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں کارکنان کی پاک سر زمین پارٹی میں شمولیت کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے مزید کہا کہ معیشت جو پہلے ہی تباہی کا شکار تھی اب منجمد ہوگئی ہے، اب تک ایک کروڑ سے اوپر لوگ بے روزگار ہوچکے ہیں۔ کروڑوں لوگ بھوک اور افلاس کی لپیٹ میں آگئے ہیں جبکہ صوبائی حکومت کاروبار کرنے والوں سے بھی جانبداری برت رہی ہے جس کے خطرناک نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔ حکمرانوں کی بے حسی کا یہ عالم ہے کہ سینکڑوں لوگ کرونا کے باعث زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں لیکن مرکزی اور صوبائی حکومتیں اصل مسائل کی طرف توجہ دینے کے بجائے ایک دوسرے کو نیچا دکھانے میں وقت ضائع کررہی ہیں جبکہ یہ وقت ایک دوسرے کو نیچے دکھانے کا نہیں بلکہ ساتھ مل کر قوم کو انسانی المیے سے بچانے کا ہے۔ یہ بات ہر ذی ہوش پاکستانی کو سمجھ آگئی ہے لیکن نہیں سمجھ رہی تو وفاقی اور صوبائی حکومتیں نہیں سمجھ رہیں۔ کراچی سمیت پورے پاکستان نے یہ دیکھ کیا کہ پاک سر زمین پارٹی کی فلاحی تنظیم پی ایس پی فاؤنڈیشن دن رات کام کر رہی ہے، یہاں تک کہ سحری کے اوقات میں بھی مستحقین کو راشن سمیت پکا ہوا کھانا بھی پہنچا رہا ہے۔ پی ایس پی فاؤنڈیشن اللہ کی رضا کی خاطر اپنی مدد آپ کے تحت سفید پوش خاندانوں کی عزت نفس مجروح کیے بغیر انکی مدد کررہا ہے۔اس موقع پر صدرپی ایس پی انیس قائمخانی، سندھ کے صدر شبیراحمدقائمخانی، نیشنل کونسل کے رکن ارشد وہرہ سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی اراکین اور ڈسٹرکٹ سینٹرل کے انچارج عبدالله شیخ بھی موجود ہیں