Categories
خبریں

محنت کش طبقہ ملک کا اصل سرمایہ ہے ،مصطفیٰ کمال

محنت کش طبقہ ملک کا اصل سرمایہ ہے ،مصطفیٰ کمال

Homepage

پاک سر زمین پارٹی

مورخہ 30 اپریل 2020

پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے محنت کشوں کے عالمی دن کے موقع پر کہا ہے کہ محنت کش طبقہ ملک کا اصل سرمایہ ہے جو ملک کی تعمیر و ترقی میں اہم ترین کردار ادا کرتا ہے، ہمارے جفاکش محنت کشوں کے دم سے ہی پاکستان کی معیشت چلتی ہے لیکن آج ملک بھر میں جاری لاک ڈاؤن کی وجہ سے یہی مزدور اور روزانہ کی اجرت پر کام کرنے والے کروڑوں افراد بے روزگار ہوچکے ہیں اور فاقہ کشی پر مجبور ہیں۔ حالات کی چکی میں پسے ہمارے محنت کش طبقے کو پہلے سے زیادہ آج ہماری بروقت امداد کی ضرورت ہے۔ یہی وجہ ہے کہ پی ایس پی کی فلاحی تنظیم پی ایس پی فاؤنڈیشن نے لاک ڈاؤن کے پہلے دن سے ہی محنت کشوں کی زبوں حالی کا خیال رکھتے ہوئے راشن اور اشیائے ضرورت انکی عزت نفس مجروح کیے بغیر انکی دہلیز تک پہنچا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کائنات میں محنت کی عظمت کی سب سے شاندار مثال تو خود رحمت اللعالمین حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم تھے۔ جنہوں نے حکم دیا کہ مزدور کی اجرت اسکا پسینہ خشک ہونے سے پہلے ادا کر دی جائے۔ یہ بات انہوں نے پی ایس پی لیبر ونگ کے عہدے داران سے بات کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے مزید کہا کہ المیہ یہ ہے کہ اس عالم میں بھی روزانہ کی بنیاد پر ہزاروں محنت کشوں کو اداروں سے فارغ کیا جارہا ہے لیکن غریبوں کے نام کی مالا جپنے والی حکومت کے کان پر جوں تک نہیں رینگی۔ مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ پاکستان کے تمام محنت کش اپنے متعلقہ اداروں میں ملک کی خوشحالی اور ترقی کے لئے جذبہ ایمانی، ایمانداری، خلوصِ نیت اور جانفشانی سے کام کریں تو پاکستان کو ترقی کی منزلیں طے کرنے سے دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی۔ مصطفی کمال نے لیبر ونگ کو ہدایت کی کہ وہ لاک ڈاؤن میں اللہ کی رضا کی خاطر جتنا ممکن ہوسکے محنت کش طبقے کا خیال کریں۔