سفید پوش افراد فاقوں پر مجبور ہیں لیکن نکل کر کسی کے آگے ہاتھ نہیں پھیلا رہے، مصطفی کمال
April 28, 2020
*مورخہ 28 اپریل 2020*
(پریس ریلیز) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ سفید پوش افراد فاقوں پر مجبور ہیں لیکن نکل کر کسی کے آگے ہاتھ نہیں پھیلا رہے، ہمارا پڑوسی کس مذہب یا فرقے سے تعلق رکھتا ہے اس کا جواب اسے خود دینا ہے لیکن اگر وہ بھوکا سویا اور ہم صاحب حیثیت ہوں تو اس کی بھوک کا جواب ہمیں دینا ہوگا۔ لوگوں کی مدد کرنے کے لیے بے شمار دولت کا ہونا ضروری نہیں بلکہ ہر شخص اپنی استطاعت کے مطابق اپنا حصہ ڈالے اور مستحق افراد کو ڈھونڈ کر انکی عزت نفس مجروح کیئے بغیر انکی ہر ممکن مدد کرے۔ پی ایس پی فاؤنڈیشن کی تحت اپنی مدد آپ اور عوام کے تعاون سے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں کہ کہیں کوئی بھوکا نہ سوئے۔ عوام کی جانب سے اس کوشش میں اپنا حصہ ڈالنے پر شکر گزار ہوں لیکن مستحق افراد کی تعداد بہت زیادہ ہے۔ ایسے بے تحاشہ علاقے ہیں جہاں اب تک کوئی این جی او یا سیاسی جماعت نہیں پہنچی۔ بلوچستان کے بعض اضلاع اور اندرون سندھ کچھ علاقوں میں غربت اور بنیادی سہولیات کے فقدان کی وجہ سے لوگ شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ ان علاقوں سمیت پی ایس پی فاؤنڈیشن کے رضاکار اپنے گلی محلوں میں مستحق افراد کے لیے راشن پہنچانے کے ساتھ ساتھ جراثیم کش اسپرے بھی کر رہے ہیں۔