Categories
خبریں

حکومت بیرون ملک پاکستانیوں کوریلیف کی فراہمی یقینی بنائے،مصطفیٰ کمال

حکومت بیرون ملک پاکستانیوں کوریلیف کی فراہمی یقینی بنائے،مصطفیٰ کمال

Homepage

تحصح شدہ

*مورخہ 18 اپریل 2020*

(پریس ریلیز) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کرونا وائرس کے سبب بڑی تعداد میں بیرون ملک خصوصاً امریکہ، برطانیہ، یورپ، سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک میں مقیم پاکستانیوں کی شہادتوں پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی جہاں پاکستان کی معیشت کو رواں دواں رکھنے کے لیے تواتر کیساتھ زر مبادلہ بھیجتے ہیں وہاں وطن عزیز پر جب بھی مشکل وقت پڑا تب بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے اپنا بھرپور کردار ادا کیا اور ملک کو بحرانوں سے نکالنے میں مدد کی۔ آج ان محب وطن پاکستانیوں کو ہماری ضرورت ہے، اس لیے حکومت تمام تر دستیاب وسائل بروئے کار لائے اور دنیا بھر میں جہاں کہیں بھی پاکستانی موجود ہیں انہیں پاکستانی سفارتخانوں کے زریعے وہاں کی حکومتوں سے رابطے کر کے ہر ممکن ریلیف کی فراہمی یقینی بنائے۔ اس مشکل گھڑی میں اپنے کسی ہم وطن کو چاہے وہ دنیا کے کسی کونے میں ہو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ پوری قوم سمندر پار پاکستانیوں کی بحفاظت وطن واپسی اور سلامتی کے لیے دعا گو ہے۔ یہ بات سید مصطفیٰ کمال نے پاکستان ہاؤس میں اور سیز چیپٹر کے عہدے داران سے بات کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سمندر پار مقیم پاکستانی اس وقت سخت مشکل حالات سے نبردآزما ہیں، کرونا وائرس سے متاثرہ بیشتر ممالک میں پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد بیروزگاری کی وجہ سے شدید مشکلات کا شکار ہے اور اس صورتحال میں یہاں انکے اہل خانہ بھی سخت ذہنی اذیت میں مبتلا ہیں لیکن وہ خود کو تنہا نہ سمجھیں، پاک سر زمین پارٹی انکی آواز ہے، ہم بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی ملک کے لیے خدمات کا بخوبی ادراک رکھتے ہیں اور انہیں انتہائی قدر کی نظر سے دیکھتے ہیں، مشکل کی اس گھڑی میں پوری قوم ہر طرح سے ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ سید مصطفیٰ کمال نے پی ایس پی کے تمام اور سیز چیپٹرز کو ہدایت جاری کی کہ وہ اپنے متعلقہ ممالک میں تمام تفرقات سے بالاتر ہو کر پاکستانیت کی بنیاد پر ایک دوسرے کی خبر گیری کریں، اور مشکلات میں گھرے ہم وطنوں کو ہر ممکن مدد فراہم کریں۔