امداد جمع کرنا اور حق دار تک پہنچنا دونوں مشکل کام ہیں،مصطفیٰ کمال
April 11, 2020
پاک سر زمین پارٹی
مورخہ 11 اپریل 2020
چئیر مین پاک سر زمین پارٹی سید مصطفی کمال نے کہا ہے کہ امداد جمع کرنا اور پھر حق دار تک پہنچنا دونوں مشکل کام ہیں، پی ایس پی فاؤنڈیشن کے کارکنان دن رات سفید پوش خاندانوں اور مستحقین کو علاقوں میں ڈھونڈ کرکہ شناخت کرتے ہیں اور پھر رات کی تاریکی میں عزت نفس مجروح کیے بغیر انکے گھروں کی دہلیز پر راشن اور اشیائے ضرورت پہنچا رہے ہیں۔ مشکل وقت ہمیں اپنے رب کو راضی کرنے کا موقع دیتا ہے اور ہم اس مشکل مرحلے پر اللہ کی رضا کی خاطر امدادی سرگرمیاں کر رہے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاک سر زمین پارٹی کے مرکز پاکستان ہاؤس میں پاکستان کے مایہ ناز پلے رائٹر ، اسٹیج اور ٹی وی کے معروف اداکار اور کامیڈین سلیم آفریدی اور دیگر اداکاروں کے وفد سے بات کرتے ہوئے کہی۔ سلیم آفریدی نے جاری امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا، مصطفیٰ کمال نے وفد سے بات کرتے ہوئے مزید کہا کہ بہترین انسان وہ ہے جو مصیبت میں مبتلا اپنے بھائی کے کام آئے اور یہی پی ایس پی کا نظریہ ہے۔ پی ایس پی کے کارکنان انسانیت کی خدمت کو اپنا فرضِ سمجھتے ہیں اسی جذبے کے تحت کام کر رہے ہیں اس موقع پر سلیم آفریدی نے پی ایس پی کے تحت کراچی سمیت ملک بھر میں جاری امدادی سرگرمیوں میں مصروف پی ایس پی کارکنان اور پی ایس پی فاؤنڈیشن کے رضاکاروں کی خدمت کو سراہتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کی وباء اور لاک ڈائون کی صورتحال میں بھی پی ایس پی فاؤنڈیشن جس انداز میں ضرورت مندوں کی مدد کررہی ہے وہ ایک عظیم کام ہے جو بجا طور پر قابل تعریف ہے۔ اس موقع پر مصطفی کمال اور انیس قائم خانی نے کامیڈین سلیم آفریدی کو پی ایس پی فاؤنڈیشن کے تحت جاری سرگرمیوں سے بھی آگاہ کیا۔