ہمیں بحیثیت قوم متحد ہو کر کرونا وائرس کو شکست دینا ہوگی۔ مصطفی کمال
March 18, 2020
مورخہ 18 مارچ 2020
(پریس ریلیز) پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مخیر حضرات نے تین تین ماہ کا راشن خرید کر رکھا لیا ہے۔ مصطفیٰ کمال نے ذخیرہ اندوزوں سے سوال کیا کہ راشن جمع کرکہ رکھنے والوں کے پاس کیا گارنٹی ہے کہ وہ اگلے تین مہینے بھی زندہ رہیں گے اور انہیں کورونا وائرس نہیں لگے گا؟ مسلمان اللہ پر توکل کرتا ہے اور کسی کا حق نہیں مارتا۔ کیا بحیثیت مسلمان ہمارا ایمان نہیں ہے کہ موت اور زندگی اللہ تعالیٰ کے ہاتھ میں ہے۔ مجھے اس صورتحال پر بحیثیت مسلمان اور پاکستانی شرم آرہی ہے، کورونا وائرس پر زخیرہ اندوزوں نے ماسک اور سینیٹائزر خرید لیئے جس سے معاشرے کی اخلاقی گراوٹ کا پتہ چلتا ہے۔ افسوس کا مقام ہے امیر لوگ زیادہ خریداری کررہے ہیں جسکی وجہ سے غریب عوام کچھ خریدنے سے قاصر ہیں۔ ان حالات میں اشیاء خوردونوش سستی ہونی چاہئیں نہ کہ مزید مہنگی ہوگئی ہیں۔ حکومت سے اس طرح کے افراد کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔ منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کرکے گرفتار کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے حوالے سے حکومت سندھ کے اقدامات کو سراہتے ہیں اور اس کے سد باب کے لیے حکومت سندھ کی تمام سرگرمیوں میں انکا بھرپور ساتھ دینے کا عزم کرتے ہیں۔ دیگر صوبوں میں اس طرح کے حفاظتی انتظامات دیکھنے میں نہیں آرہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تاجر برادری کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان سمیت خصوصاً سندھ میں کورونا وائرس کے کیسز بہت تیزی سے سامنے آرہے ہیں جو کہ تشویشناک ہے۔ ملک میں جاری کرونا وائرس کی وبا پر قابو پانے کے لیے پاک سر زمین پارٹی میدان عمل میں آچکی ہے۔ پاک سر زمین فاؤنڈیشن کے تحت پی ایس پی کے کارکنان کراچی، حیدرآباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں کی غریب بستیوں میں مفت صابن، سینیٹائزر اور ماسک فراہم کررہے ہیں۔
پی ایس پی کے کارکنان عوام کو کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے مفت صابن، سینیٹائزر اور ماسک کے علاوہ احتیاطی تدابیر کے بارے میں بھی معلومات فراہم کر رہے ہیں۔ کورونا وائرس پاکستان سمیت دنیا بھر میں پھیل چکا ہے اس کی روک تھام اور خود محفوظ رہنے کے لیے احتیاطی تدابیر اور احتیاط کرنا بہت ضروری ہے۔ سیاست اور مفادات سے بالاتر ہو کر ہمی بحیثیت قوم کورونا وائرس کو شکست دینی ہوگی۔ ان حالات میں عوام کی جانوں کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ ملک اور خصوصاً کراچی کے مخیر حضرات سے گزارش کرتا ہوں کہ وہ آگے بڑھیں اور غریب بستیوں میں صابن تقسیم کریں اگر مخیر حضرات کو صابن کی ترسیل میں مشکلات ہوں تو ہم سے رابطہ کریں کیونکہ پی ایس پی کا نیٹ ورک پورے پاکستان میں ہے، ہمارا ہر کارکن یہ کام کرنے کیلئے تیار ہے۔