پاک سرزمین پارٹی ناصرف خواتین کے تمام جائز حقوق کی حامی ہے مصطفی کمال
March 7, 2020
*مورخہ 7 مارچ 2020*
(پریس ریلیز)
پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے خواتین کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاک سرزمین پارٹی ناصرف خواتین کے تمام جائز حقوق کی حامی بلکہ آئین پاکستان کے تحت خواتین کو دیئے گئے حقوق کو یقینی بنانے کے لیے اپنی جدوجہد کر رہی ہے۔ 2018 کے اپنے پہلے الیکشن میں پاک سرزمین پارٹی خواتین کو جنرل نشستوں پر ملک بھر میں سب سے زیادہ فیصد نمائندگی دینے والی جماعت تھی۔ ہم زبانی کلامی باتوں پر یقین نہیں رکھتے بلکہ اقتدار مل تو ملک کے تمام ایوانوں میں 40 فیصد نشستیں خواتین کے لیے مختص کرائیں گے۔ 147 ممالک کی خواتین سیکیورٹی انڈیکس میں پاکستان 143ویں نمبر پر ہے، موقع ملنے پر خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے بہتر قانون سازی اور ان پر عملدرآمد یقینی بنائیں گے۔ خواتین کے اس عالمی دن پر پاک سرزمین پارٹی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کیلئے حکومت پاکستان سے عملی اقدامات کا پر زور مطالبہ کرتی ہے، افغان امن معاہدے کے تحت امریکہ افغانستان کے قیدیوں کو رہا کر رہا ہے اور افغان طالبان امریکہ کے قیدیوں کو۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کو پاکستان کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کیلئے بھی بھرپور آواز اٹھانی چاہیے کیونکہ یہ آخری ایسا موقع ہے جس میں بے گناہ قید عافیہ صدیقی کو وطن واپس لایا جا سکتا ہے۔ سید مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ پاک سرزمین پارٹی اقتدار میں آکر خواتین کے لیے مفت ٹرانسپورٹ سروس کا آغاز کرے گی۔ پارٹی مرکزی کابینہ میں خواتین کی بڑی تعداد موجود ہے جو پارٹی کے تمام فیصلوں میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ ہم خواتین کے اصل مسائل کو سمجھتے ہیں، خواتین کے لیے غذائی قلت کے خاتمے، معاشی خود مختاری، جنسی استحصال سے تحفظ، معیاری تعلیم کے حصول میں آسانی، یکساں روزگار کے مواقع، مردوں کے برابر تنخواہیں، وراثت میں حصہ اور دیگر اہم ترین مسائل پر سنجیدگی سے کام کریں گے کیونکہ مضبوط اور با اختیار خواتین بہتر معاشرے کی تشکیل کے لئے کسی عمارت کی بنیاد کی حیثیت رکھتی ہیں۔