Categories
خبریں

مسائل کا سمندر بن چکا ہے ملک کی معاشی شہ رگ کے ساتھ کیا جانے والا سلوک انتہائی افسوس ناک ہے ارشد ویرا

مسائل کا سمندر بن چکا ہے ملک کی معاشی شہ رگ کے ساتھ کیا جانے والا سلوک انتہائی افسوس ناک ہے ارشد ویرا

Homepage

*مورخہ 5 مارچ 2020*

(پریس ریلیز) پاک سرزمین پارٹی کے سینئر رہنما و سابق ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد وہرا نے کہا ہے کہ کراچی مسائل کا سمندر بن چکا ہے ملک کی معاشی شہ رگ کے ساتھ کیا جانے والا سلوک انتہائی افسوس ناک ہے۔ انہوں نے کراچی کے علاقے رضویہ میں 3 منزلہ عمارت گرنے کے باعث جانی نقصان پر جائے حادثہ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا اور متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ سینٹرل کی آرگنائزنگ کمیٹی کے اراکین بھی انکے ہمراہ موجود تھے۔ ڈاکٹر ارشد وہرا نے کہا کہ سندھ حکومت سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کو فی الفور دوبارہ کراچی بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی بنائے کیونکہ اب اس ادارے کی غفلت اور نااہلی کی وجہ سے عوام کے جان و مال کا نقصان ہو رہا ہے۔ سندھ حکومت کو چاہیے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے بجائے لاڑکانہ، حیدرآباد، سکھر، میرپور خاص سمیت سندھ کے ہر شہر کی ایک علیحدہ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی بنائے۔ جب سے ادارہ کراچی بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی بنا ہے تب سے آج تک سندھ کے دارالخلافہ کراچی کو تباہی اور بربادی کے سوا کچھ نہیں دیا۔ ادارے میں سیاسی وابستگیوں کی وجہ سے بھرتیوں سے ادارے کی افادیت ختم ہو کر رہ گئی ہے۔ ادارے میں رشوت کا بازار گرم ہے جس کی وجہ سے عوام براہِ راست متاثر ہو رہی ہیں۔ حکومت نے اپنی تعصب پر مبنی پالیسیوں کی وجہ سے شہر قائد کا ہر ادارہ تباہ کر دیا ہے۔ جس کے باعث یہاں کی عوام میں شدید احساس محرومی پایا جاتا ہے۔ غیر معیاری اسٹرکچر پر بننے والی عمارتیں انسانی جانوں کے لئے خطرہ بن چکی ہیں، آج کا واقعہ اور اس سے قبل ٹمبر مارکیٹ، رنچھوڑ لائن میں عمارتوں کا گرنا ایس بی سی اے کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ سندھ حکومت ایس بی سی اے میں تعینات نااہل اور کرپٹ افسران کے خلاف قانونی کاروائی کرے اور غفلت کے مرتکب افراد کو کرپشن کے خاتمے کے لیے مثال بنائے۔ انہوں نے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر متاثرین کے مالی امداد کا اعلان کرے اور واقعے میں زخمی ہونے والے افراد کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائے نیز SBCA کے زمہ دار افسران کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرائے۔ انہوں نے واقع میں جانبحق افراد کی مغفرت درجات کی بلندی، لواحقین کے لیے صبر جمیل اور زخمیوں کی جلد و مکمل صحتیابی کے لیے دعا کی۔