Categories
خبریں

وفاقی اور صوبائی حکومتیں عوامی توقعات پر پورا اترنے میں مکمل ناکام ہو چکی ہیں مصطفی کمال

وفاقی اور صوبائی حکومتیں عوامی توقعات پر پورا اترنے میں مکمل ناکام ہو چکی ہیں مصطفی کمال

Homepage

*مورخہ 4 مارچ 2020*

(پریس ریلیز) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں عوامی توقعات پر پورا اترنے میں مکمل ناکام ہو چکی ہیں۔ مہنگائی نے عوام کی کمر توڑدی ہے، ایسے میں ملک کو سنگین بحران سے نکالنے کیلئے ملک کی معاشی شہہ رگ کراچی کی رونقیں بحال کرنا ضروری ہیں۔ حکومت کو چاہیے کراچی کے لوگوں کا اعتماد بحال کرے، یہاں کے لاپتہ نوجوانوں کو بازیاب کروائے، ہمارے آنے کے بعد سے کراچی میں کسی نے لسانی بنیادوں پر کسی کو پتھر تک نہیں مارا، ہمارے 7 کارکنان شہید کر دیئے گئے لیکن اس کے باوجود کراچی کے ہزاروں کارکنان نے تمام خدشات غلط ثابت کر کے مثالی نظم و ضبط اور وطن پرستی کا ثبوت دیا۔ حکومت کو چاہیے کہ اب کراچی کے تمام عوامی مسائل کو بھی سنجیدگی سے حل کرے اور لوگوں میں پایا جانے والا احساس محرومی ختم کرے۔ مسائل کے حل کے لیے جو بلدیاتی نظام خیبرپختونخوا اور پنجاب میں نافذ کیا گیا ہے وہ سندھ اور بلوچستان میں بھی نافذ کیا جائے۔ پاک سرزمین پارٹی عام آدمی کی جماعت ہے اور پارٹی قیادت کے عوام کے بیچ ہونے کی وجہ سے عوامی مسائل کا ادراک رکھتی ہے۔ حکمرانوں کو شر پسند عناصر کے پاس بے تحاشہ قربانیوں کے بعد قائم امن و امان کی صورتحال کو سبوتاژ کرنے کا کوئی بہانہ یا بیانیہ نہیں چھوڑنا چاہیے۔