معاشی اور معاشرتی طور پر بدترین دور سے گزر رہا ہے مصطفی کمال
February 24, 2020
*مورخہ 24 فروری 2020*
(پریس ریلیز) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ پاکستان کو اس دور میں تجربات کے بجائے تجربے کی ضرورت ہے۔ اس لیئے ملک کے ہر کونے سے بزرگوں کو عملی سیاست میں آکر نوجوان نسل کی رہنمائی کرنی ہوگی۔ ملک معاشی اور معاشرتی طور پر بدترین دور سے گزر رہا ہے، ہماری اخلاقی اور سماجی اقدار کی بحالی کے لیے نوجوان نسل کو اپنے بڑوں کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ہاؤس میں یکم مارچ کو الفاروق گراؤنڈ میں منعقد خواتین کے جلسے کی تیاریوں کے حوالے سے پارٹی کی سینئر سٹیزن آرگنائزنگ کمیٹی کے اراکین کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پارٹی صدر انیس قائم خانی اراکینِ سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی و نیشنل کونسل اور انچارج سینئر سٹیزن آرگنائزنگ کمیٹی ایس ایم خالد بھی موجود تھے۔ ایس ایم خالد نے اس موقع پر کہا کہ اپنے تجربات کی روشنی میں ملک بھر سے بزرگوں کی بہت بڑی تعداد سید مصطفیٰ کمال کی قیادت میں متحد ہے۔ پاک سرزمین پارٹی ہی ملک کو مسائل سے نکال کر ترقی کی جانب گامزن کر سکتی ہے۔ انہوں نے سید مصطفیٰ کمال کے نظریے کو تیزی سے ملک کے کونے کونے میں پھیلانے کے عزم کا اظہار کیا۔