کراچی سے کشمور تک لوگوں کو بہتر مستقبل کیلئے ہمارا ساتھ دینا ہوگا۔ مصطفی کمال
February 13, 2020
*مورخہ 13 فروری 2020*
(پریس ریلیز)
پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال، صدر انیس قائم خانی، وائس چیئرمین اشفاق احمد منگی اور صدر سندھ کونسل شبیر قائم خانی لاڑکانہ کے کامیاب جلسے کے بعد مختلف سیاسی شخصیات اور برادریوں کی دعوت پر اندرون سندھ 3 روزہ دورے پر روانہ ہوگئے۔ دورے کے پہلے روز حیدرآباد پہنچنے پر کارکنان کی جانب سے پارٹی رہنماؤں کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ حیدرآباد میں ملاقاتوں کے بعد پارٹی قائدین بھٹ شاہ پہنچے جہاں انہوں نے راجپوت برادری کے عمائدین سے ملاقاتیں کیں اور محمد طفیل راجپوت کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کی۔ بعد ازاں سید مصطفیٰ کمال نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ سے نفرتوں کا خاتمہ کر کے لوگوں کو بہتر زندگی فراہم کرنے آئے ہیں کراچی سے کشمور تک لوگوں کو بہتر مستقبل کیلئے ہمارا ساتھ دینا ہوگا۔ آج عوام کو تعلیم، علاج اور روزگار میسر نہیں، ہم نے ماضی میں بھی کام کر کے دکھایا ہے اور اب بھی صرف ہم ہی ملک کو درپیش مسائل سے نکال سکنے کی اہلیت، صلاحیت اور قابلیت رکھتے ہیں۔ اس کے بعد پارٹی قائدین نے شاہ عبدالطیف بھٹائی کے مزار پر فاتحہ خوانی کی، وطن عزیز کی سلامتی کے لئے دعا کی اور صوفی کلام سنا۔ بعد ازاں سید مصطفیٰ دیگر رہنماؤں کے ہمراہ ضلع خیرپور پہنچے جہاں کارکنان نے انکا پرجوش استقبال کیا جسکے بعد رہنماؤں نے ہنگورجا پریس کلب میں صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ ہمارا گھر ہے اور اس کے ٹکڑے ہونے نہیں دیں گے۔ سندھیوں کو انصار کا درجہ دیتے ہیں۔ ہمارے آباؤ اجداد اللہ کے نام پر بننے والی اس ریاست میں اپنا سب کچھ چھوڑ کر آئے تھے اور سندھیوں نے انہیں گلے لگایا۔ ہمارے درمیان کلمے کا رشتہ ہے اس لیے نفرتوں کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ بعد ازاں پارٹی رہنماؤں نے درگاہ حضرت سچل سرمست کے مزار پر حاضری دی، دعا کی اور میڈیا سے بھی خطاب کیا۔