Categories
خبریں

کراچی کو لاوارث سمجھنے والے اپنا قبلہ درست کریں، مصطفی کمال

کراچی کو لاوارث سمجھنے والے اپنا قبلہ درست کریں، مصطفی کمال

Homepage

*مورخہ 9 فروری 2020*

(پریس ریلیز)

کراچی کو لاوارث سمجھنے والے اپنا قبلہ درست کریں، پاکستان کو 70 فیصد ریوینیو دینے والے شہر کراچی میں ایک دن میں 47 افراد کو کتے کاٹ رہے ہیں اور المیہ یہ ہے صحت کی مد میں ایک ہزار ارب سے زیادہ خرچ کرنے کے باوجود کہ ان زخمیوں کے لیے اسپتالوں میں ویکسین تک دستیاب نہیں ہے۔ جو حکومت عوام کو آوارہ کتوں سے نہیں بچا سکتی اس سے کسی قسم کی نیکی کی توقع عبس ہے۔ یہی وجہ ہے پاکستان کے عوام موجودہ حکمرانوں سے ناامید ہوکر آج جوق در جوق ہمارے قافلے میں شامل ہو رہے ہیں کیونکہ وقت نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ جو کچھ ہم نے پہلے دن سے کہا وہ نیک نیتی پر مبنی اور لفظ بہ لفظ سچ ہے۔ ہم مسائل کا مستقل حل پیش کر رہے ہیں اور مسائل حل کرنے کی اہلیت ہی کی بنیاد پر تعصب اور تفریق سے پاک سیاست کر رہے ہیں تاکہ ہماری آنے والی نسلوں کو ایک بہتر مستقبل مل سکے۔ ان خیالات کا اظہار پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے ڈسٹرکٹ سینٹرل میں منعقدہ کارکنان کے جنرل ورکرز اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پارٹی صدر انیس قائم خانی و اراکین سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی و نیشنل کونسل بھی انکے ہمراہ موجود تھے۔ اپنی بات پر قائم ہوں کہ جو شخص بھی کسی بنیاد پر اپنی قومیت کو دوسری قومیتوں سے علیحدہ کرے گا وہ خود اپنی قوم کا نقصان کرے گا۔ ہمیں مہاجر ہونے پر فخر ہے لیکن اشرف المخلوقات ہونے کے ناطے تھر کے بچوں کی ہلاکتوں پر کیسے خاموش رہ سکتا ہوں۔ جو چیز اپنے بچوں کے لیے مانگیں وہی پورے پاکستان کے بچوں کیلئے کیوں نہیں؟ بندوق کی سیاست کی وجہ سے سب سے زیادہ نقصان مہاجروں کا ہوا ہے، کراچی میں حقوق حاصل کرنے کیلئے انسان لسانی بنیادوں پر ایک دوسرے کے دشمن بنے ہوئے تھے، ہم اسی شہر میں لیاری اور چکرا گوٹھ نہیں جا سکتے تھے، دونوں طرف مورچے تھے اور جو شخص بیچ میں مارا جاتا دو دو روز تک اس کی لاش کوئی نہیں اٹھا پاتا تھا۔ اسی لیے ہم نے پہلے دن سے نوجوانوں کو کتابوں اور قلم تھامنے کی دعوت دی اور نفرتوں کا خاتمہ کیا۔ آج اسی کا ثمر ہے کہ کراچی سے کشمور تک ہمارا ہماری شناخت اور زبان کے ساتھ پھولوں سے استقبال کیا جاتا ہے کہیں بھی جائیں لوگ گلے لگاتے ہیں اور ہماری بات سن کر اور سمجھ کر ہماری جدوجہد میں شامل ہوتے ہیں۔