پی ایس پی کراچی کی کسی جماعت سے مقابلے کیلئے نہیں بنائی،مصطفیٰ کمال
February 6, 2020
*مورخہ 6 فروری 2020*
(پریس ریلیز) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ پی ایس پی کراچی کی کسی جماعت سے مقابلہ کرنے کیلئے نہیں بنائی بلکہ ہمارا اپنا نظریہ ہے جو کئی سالوں کے سیاسی تجربے کا نچوڑ ہے۔ پہلے دن سے جیسے کراچی کے نوجوانوں کے لیے بات کی ویسے ہی بلوچستان کے نوجوانوں کے حقوق کی بھی بات کی ہے۔ بلوچستان کے لوگ ہمارے ہیں اور ہمارے دلوں میں رہتے ہیں۔ ماضی میں عالمی سیاست کی وجہ سے بلوچستان میں ترقی نہیں ہو پائی اور نتیجتاً صوبے کے لوگ احساس محرومی کا شکار ہو گئے۔ بلوچستان کے نوجوان ںے تحاشہ صلاحیتیں رکھتے ہیں جنہیں صرف موقع دینے کی ضرورت ہے۔ بلوچستان کے لوگ پورے پاکستان کا نام اقوام عالم میں روشن کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی کے بلوچستان کے صوبائی نائب صدر طاہر شہوانی اور نصیب اللہ خلجی سے مرکزی دفتر پاکستان ہاؤس میں ملاقات کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ انفرااسٹرکچر کی تعمیر کا ہمیں بہترین تجربہ ہے، دستیاب وسائل میں بلوچستان کی ترقی کے لیے بھی ویسے ہی کام کریں گے جیسے سندھ کی ترقی کے لیے۔ بلوچستان کی عوام سے سب سے زیادہ محبتیں ملی ہیں کیونکہ وہ اس جہاد کو سمجھ سکتے ہیں جو ہم نے ملک کی خاطر کیا ہے۔ کراچی میں بھی بلوچستان کی طرح راء کا تسلط تھا جو صرف آپریشن کے ذریعے ختم کرنا ممکن نہیں تھا۔ ہم نے مسئلے کے حل کیلئے سیاسی کردار ادا کیا نوجوانوں کو سمجھایا، اداروں سے بھی ریاست کا ماں والا کردار ادا کرنے کی اپیل کی، لڑکوں سے ہتھیار چھڑوائے اور انہیں کتابیں اور قلم تھامنے کا کہا اور نتیجہ سب کے سامنے ہے۔ بلوچستان کے مسائل کا حل بھی بات چیت سے نکال کر صوبے کو تیزی سے ترقی کی جانب گامزن کرنے کی ضرورت ہے جو پی ایس پی بلوچستان کے نوجوانوں کے ساتھ مل کر کرے گی۔