وزیراعظم عمران خان کی وزیر اعلیٰ سندھ سے ملاقات کو خوش آئند قرار مصطفی کمال
January 27, 2020
*مورخہ 27 جنوری 2020*
(پریس ریلیز) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے پاکستان ہاؤس سے جاری اپنے بیان میں وزیراعظم عمران خان کی وزیر اعلیٰ سندھ سے ملاقات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان سندھ کے وزیر اعلیٰ سے ملے بغیر سندھ میں کوئی ترقیاتی کام نہیں کرا سکتے۔ اسی وجہ سے سندھ میں تمام وفاقی پروجیکٹس تعطل کا شکار ہیں، جس کا نقصان پورے پاکستان بالخصوص سندھ کی عوام کو ہو رہا ہے۔ پہلے روز سے کہہ رہے ہیں کہ تمام وفاقی اور صوبائی حکمرانوں کو اپنی اناؤں سے باہر نکل کر عوامی مفاد میں اپنا آئینی کردار ادا کرنا ہوگا۔ سندھ پہلے ہی لسانیت اور حکمرانوں کے مفادات کی بھینٹ چڑھ کر دیگر صوبوں سے بہت پیچھے رہ گیا ہے۔ جگہ جگہ لوگوں کو کتے کاٹ رہے ہیں، اسپتالوں میں علاج معالجے کی سہولیات نہیں ہیں، تعلیمی نظام تباہ حال ہے، سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، سردیاں شروع ہوتے ہی گیس نایاب ہو چکی ہے، نلکوں میں گٹر ملا پانی آ رہا ہے، سیوریج کا پانی سڑکوں پر جمع ہے جبکہ حکمران آپس میں دست و گریباں نظر آتے ہیں۔ عوام کراچی سے کشمور تک اب پی ایس پی کی جانب دیکھ رہی ہے، لوگ ہمارے نظریے پر ہمارے ساتھ کھڑے ہو چکے ہیں۔ سندھ میں ظلم کا نظام ختم کر کے عوام کی حکمرانی قائم کریں گے۔ کراچی وینٹیلیٹر پر ہے اگر اس پر توجہ نہیں دی گئی تو پورا پاکستان معاشی طور پر وینٹیلیٹر پر چلا جائے گا اور آنے والی نسلیں ہمیں کبھی معاف نہیں کریں گی۔ حکمرانوں کو صحیح وقت پر صحیح فیصلے لینے ہونگے ورنہ اس کا عوام کو ناقابلِ تلافی نقصان ہوتا ہے۔