ملک میں کوئی کام رشوت کے بغیر نہیں ہورہا، رشوت کے ریٹ مزید بڑھ گئے ہیں. مصطفی کمال
January 26, 2020
مورخہ 26 جنوری 2020
(پریس ریلیز) پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا ہے کہ پہلے لوگ روٹی پیاز یا پانی کیساتھ بھی کھا لیتے تھے لیکن عمران خان کے دور حکومت میں بے روزگاری، مہنگائی کی حد سے بڑھتی شرح اور اشیائے خورونوش کے فقدان نے عوام سے روٹی ہی چھین لی ہے ملک کو کوئی نہیں چلا رہا اگر کوئی برا کام کرے تو کوئی روکنے والا نہیں ہے۔ گندم وافر مقدار میں ملک میں موجود تھی لیکن پہلے کم قیمت پر ایکسپورٹ کردی اب مہنگے داموں امپورٹ کرنی پڑگئی ہے۔ ملک میں کوئی کام رشوت کے بغیر نہیں ہورہا، رشوت کے ریٹ مزید بڑھ گئے ہیں، عمران خان کرپشن کیسے ختم کریں گے جبکہ وزیراعظم عمران خان کو اپنے دائیں بائیں کا ہی پتا نہیں۔ وزیر اعظم کے قول و فعل میں تضاد ہے، یہاں ریاست مدینہ کا نام پر ریاست مدینہ کی تذلیل کی جارہی ہے۔ معصوم بچوں کو کتے کاٹ رہے ییں،کونسا جرم ہے جو بڑھ نہیں گیا، لوگ آٹے کے لئے لائنوں میں لگے ہوئے ہیں، سیلانی اور دیگر این جی اوز کے دسترخوانوں پر اچھے خاصے سفید پوش افراد کھانا کھانے پر مجبور ہوچکے ہیں۔ بجلی پانی گیس نہیں ہے، 25 کروڑ انسان پیاسے ہیں، انہیں صاف پانی میسر نہیں۔ یہ کون لوگ ہیں؟ جبکہ ریاست مدینہ کے خالق نبی کریم محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک کتے کو پانی پلانے پر جنت کی بشارت دی تھی۔ وزیر اعظم عمران خان کے پاس اللہ کی مخلوق کی خدمت کرنے کا موقع اور بجٹ ہے۔ یہ عہدے ہمیشہ قائم نہیں رہینگے اور یہ عہدے قبروں میں ساتھ نہیں جائیں گے ۔اگر میں بھی نہیں بولوں گا تو مجھے آخرت کے دن حساب دینا ہوگا۔ پی ایس پی کراچی کی کسی سیاسی جماعت سے مقابلہ کرنے کے لئے نہیں بنی بلکہ سندھ اور پاکستان کی بڑی سیاسی جماعتوں سے مقابلہ کرنے کے لیے بنائی گئی ہے۔ پی ایس پی پاکستان کے 25 کروڑ عوام کی جماعت ہے، ہم سب کے پاس جائیں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ پاکستان ہاوس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم اللہ کی رضا کے لیے مخلوق خدا کی خدمت کرنا چاہتے ہیں۔ مصطفیٰ کمال نے اہل لاڑکانہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے سوچا نہیں تھا کہ لاڑکانہ اتنا شاندار استقبال کرے گا، لاڑکانہ میں رہنے والوں کو ان کے دن پھرنے کی نوید سنا دی ہے۔ ان کے دن پھرنے کے دن آگئے ہیں، بس وہ ہمارا ساتھ دیں، جس دن عوام اٹھ کھڑے ہوئے تو ملک سے ظالموں کا خاتمہ ہوجائے گا، ستر سالوں سے کشمیری اپنوں کو پاکستانی پرچم میں لپیٹ کر دفنا رہے ہیں اور آج ہم کشمیر کے لئے صرف جمعے کے دن سگنلز کی لائٹیں بند کر کے کھڑے ہوجاتے ہیں۔ پاک سر زمین پارٹی اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کیساتھ کھڑی رہے گی اور ہم ہر مرحلے پر انکی بات کرتے رہیں گے۔