موجودہ نظام حکومت جمہوریت کی ناکامی اور جمہوریت کے نام پر عوام سے بدترین انتقام ہے۔ مصطفی کمال
January 21, 2020
*مورخہ 21 جنوری 2020*
(پریس ریلیز)
پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے پاکستان ہاؤس سے جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ انتہائی افسوس ناک بات ہے کہ کراچی والوں کیلئے دھابیجی میں پانی کی چند موٹریں نصب کر کے سندھ کی حکومتی جماعت کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ ان کا افتتاح کر رہے ہیں، یہ دنیا کی عجیب ترین جمہوریت ہے، دنیا بھر کی کسی جمہوریت میں ایسا نہیں ہوتا کہ صوبے کا وزیر اعلیٰ پانی اور سیوریج کی لائنوں کا ذمہ دار ہو بلکہ یہ کام منتخب میئرز، کونسلرز اور دیگر بلدیاتی نمائندوں کا ہوتا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری امریکہ اور برطانیہ سمیت جن ترقی یافتہ اقوام کی مثالیں دیتے ہیں انکا نظام حکومت بالخصوص بلدیاتی نظام بھی دیکھیں اور سندھ کی عوام کو وہی نظام دیں، موجودہ نظام حکومت جمہوریت کی ناکامی اور جمہوریت کے نام پر عوام سے بدترین انتقام ہے۔ کراچی والوں کے لیے اہم ترین منصوبہ کے فور حکومتی نا اہلی کی وجہ سے تعطل کا شکار ہے، پانی کا بحران انتہائی درجے پر پہنچنے کے بعد حکومت کا دھابیجی سے 100 ایم جی ڈی پانی کراچی کو دینا کینسر کا علاج ڈسپرین سے کرنے کے مترادف ہے۔ ایم کیو ایم بھی کراچی کی تباہ حالی کی زمہ دار اور برابر کی شریک ہے، ان سے جب بھی کسی کام کا کہا جاتا ہے تو آگے سے جواب دیتے ہیں کہ اختیار نہیں ہے لیکن عوامی مفاد میں اختیارات لینے کے لیے عملی طور پر کبھی کوئی قدم نہیں اٹھایا۔ گرمیوں کے آتے ہی کراچی میں ٹینکرز کے نرخ آسمانوں پر چلے جاتے ہیں، لوگوں کو پانی جیسی بنیادی ضرورت زندگی بھی میسر نہیں ہوتی۔ سندھ کے دارالخلافہ کراچی اور پورے پاکستان کے مسائل حل کرنے کیلئے حکمرانوں کو اپنی سوچ تبدیل کرنی ہوگی اور اختیارات اور وسائل نچلی سطح پر منتقل کرنے ہونگے۔ عوام نے سب کا کردار دیکھ لیا اب پی ایس پی کا ساتھ دیں اور ہمارا پیغام گھر گھر پہنچائیں، ہم ایسا نظام حکومت بنائیں گے جس میں عوام کی حکمرانی ہوگی۔