ملک بھر میں گندم اور آٹے کے بحران پر پی ایس پی نیشنل کونسل کے اراکین کا اظہار تشویش
January 20, 2020
پاک سر زمین پارٹی
مورخہ 20 جنوری 2020
پاک سر زمین پارٹی کی نیشنل کونسل کی اراکین نے ملک بھر میں گندم اور آٹے کے بحران پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے ناہل حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے آج غریب عوام سے ایک وقت کی روٹی بھی چھین لی گئی ہے۔ آٹے کی قیمتوں میں اضافے پر وزراء کے بے حسی پر مبنی بیانات انکی ذہنی پسماندگی کا ثبوت ہیں۔ لنگر خانے کھول کر سینکڑوں کو روٹی دینے والوں نے کروڑوں کے منہ سے روٹی چھین لی ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت کی ناقص معاشی پالیسیوں کے باعث پاکستان کی معیشت مسلسل زوال شکار ہے ۔ بے روزگاری کا عفریت ہر سمت منہ پھاڑے کھڑا ہے ، ایسے میں مہنگائی نے مزید تباہی پھیر دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت گندم کی افغانستان اسمگلنگ روکنے میں مکمل ناکام رہی ہے جسکی وجہ سے بحران پیدا ہوا ہے جو حکومت کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان حکومت کی غلط پالیسیوں کا مزید متحمل نہیں ہو سکتا۔ نااہل حکومت نے مکان، دکان، کاروبار اور مزدوری تباہ کرنے کے بعد اب غریبوں کا آٹا بھی بند کر دیا، جس حکومت میں عوام کو روٹی دینے کی صلاحیت نہ ہو اس کو اقتدار میں رہنے کا کوئی حق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ کی مہنگی قیمتوں پر آٹا فروخت ہورہا ہے،کوئی پوچھنے والا نہیں۔ انہوں نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ وہ آٹے کا مصنوعی بحران فی الفور ختم کرے ورنہ مستعفیٰ ہوجائیں۔