عوام میرا ساتھ دیں ہم عوام کو حکمران بنائیں گے۔ مصطفی کمال
January 11, 2020
*مورخہ 11 جنوری 2020*
لاہور (پریس ریلیز) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ عوام میرا ساتھ دیں ہم عوام کو حکمران بنائیں گے۔ ایسا نظام لائیں گے جس میں گلی محلے کے مسائل حل کرنے کے اختیارات اور وسائل وہیں کے منتخب نمائندے کے پاس موجود ہوں۔ جب بھی حکمرانوں کی جانب سے بلدیاتی حکومتوں کو وسائل یا اختیارات دیئے گئے تو وہ کھلے دل کے ساتھ عوامی مفاد کو سامنے رکھتے ہوئے نہیں دیئے گئے بلکہ اس میں سیاسی مفادات ہی زیادہ عزیز تر رہے جس کی وجہ عوام کو حقیقی جمہوریت نصیب نہیں ہوئی، کوئی ہمیں روٹی، کپڑا یا مکان کیوں دے ہم کوئی بھکاری قوم نہیں خود کما کر بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں بلکہ ہمیں عزت، انصاف اور اختیار نچلی ترین سطح پر ملنا چاہیے تاکہ ہم اپنے مسائل خود حل کر سکیں تا کہ کوئی ہمارے ہی پیسوں سے ہمیں ہی جھوٹے خواب نہ دکھا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور کے الحمراہ حال میں بلدیاتی نظام پر منعقد کی گئی کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر شہزاد ارباب، مانی شنکر ایئر بھی انکے ہمراہ پینل میں موجود تھے۔ سید مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ ہمیں سب سے پہلے موثر بلدیاتی نظام کے لیے ڈسٹرکٹ کیڈر بنانا ہوگا تاکہ منتخب عوامی نمائندوں کو کام کرنے اور نہ کرنے والے افسران کو سزا اور جزا کا اختیار ہو۔ دوسرے نمبر پر آئین میں بلدیاتی حکومتوں کی ذمہ داریوں اور وسائل کا تعین ہونا چاہیے تاکہ ہر آنے والی حکومت آئین میں لکھی بلدیاتی حکومتوں سے متعلق چار لائنوں کی من مانی تشریح نہ کرسکیں۔ نیز عام عوام میں ملک کے وسائل اور مسائل میں شرکت اور احساس ذمہ داری بیدار کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک وزیراعظم اور چار وزرائے اعلیٰ تمام وسائل پر قابض ہیں، وزیر اعلی کی صوابدید پر ہے کہ وہ کسی ڈسٹرکٹ کو دو ارب دیدیں اور کسی ڈسٹرکٹ کو دو روپے بھی نادیں۔اس صورتحال سے تعصب بڑھتا ہے اور عوام بد دل ہوتے ہیں۔ اس لیے فیڈرل فائنانس کمیشن کے طرز پر پرونشئیل فائنانس کمیشن کا قیام ناگزیر ہے کیونکہ جب تک اختیارات اور وسائل نچلی سطح پر مکمل طور پر منتقل نہیں ہو جاتے ناصرف یہ کہ ملک ترقی نہیں کر سکتا بلکہ جمہوریت بھی نافذ نہیں ہوسکتی۔