مصطفیٰ کمال نے کہا کہ سندھی، پنجابی، پشتون، بلوچ اور مہاجر شناخت ہمیں روز حشر میں نہیں بچائے گی
December 7, 2019
*مورخہ 7 دسمبر 2019*
(پریس ریلیز) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ سندھی، پنجابی، پشتون، بلوچ اور مہاجر شناخت ہمیں روز حشر میں نہیں بچائے گی۔اگر ہم مسلمان ہیں تو قبر میں رسول ﷺ کے امتی کی حیثیت سے اتارے جائیں گے۔ مجھے تفریق کر کہ ووٹ حاصل نہیں کرنا۔ بہتر ہے اپنے دلوں سے تعصب اور لسانیت کو ختم کر کے اپنی آخرت بہتر کریں اور مل کر دنیا بہتر کرنے کی جدوجہد کریں۔ یہی پی ایس پی کا فلسفہ ہے اور اسی میں حتمی کامیابی ہے۔ ہماری نسلوں کو نفرتیں مٹا کر ایک دوسرے کے ساتھ چلنے کا سلیقہ سیکھنا ہوگا۔ لیکن جتنی دیر کریں گے نقصان اتنا ہی زیادہ ہوگا اور آنے والی نسلیں ہمیں کبھی معاف نہیں کریں گی۔ آج پی ایس پی کی محنت کی وجہ جہاں لوگ لاشوں کا اسکور پوچھا کرتے تھے وہاں دشمنیاں بھلا کر تعمیر و ترقی کی بات کر رہے ہیں۔ ہمیں اپنے بچوں کے ساتھ اپنے پڑوسی کے بچوں کی روٹی کی بھی فکر کرنی ہوگی چاہے وہ کسی بھی مذہب، مسلک، زبان یا نسل کا ہو ورنہ ایک بہتر معاشرہ تشکیل نہیں دیا جا سکے گا۔ ہم سب کو آج یہ فیصلہ کرنا ہوگا کہ ہمیں اپنی آئندہ آنے والی نسلوں کو نفرتوں کی آگ میں جھونکنا ہے یا ایک ترقی یافتہ ملک سونپ کر آخرت میں بھی سرخرو ہو کر جانا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ہاؤس میں سندھی ثقافت کے حوالے سے منائے جانے والے دن کی تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پارٹی صدر انیس احمد قائم خانی سمیت اراکینِ سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی و نیشنل کونسل بھی انکے ہمراہ موجود تھے۔ جبکہ تقریب کا اہتمام پارٹی کے اسپورٹس اینڈ کلچرل فورم کے زیر اہتمام کیا گیا تھا۔ سید مصطفیٰ کمال نے فورم کے انچارج سلیم چانڈیو سمیت تمام اراکین کمیٹی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ثقافت وہ کڑی ہے جو دلوں کو قریب لا سکتی ہے ایک دوسرے کی ثقافت اور زبان کو عزت دے کر ہم تمام سابقہ رنجشیں ختم کر کے اقوام عالم کے لیے مثالی کردار ادا کر سکتے ہیں۔ تقریب میں سندھ بھر سے نامور فنکاروں نے شرکت کی اور سندھ کی سرزمین سے محبت کے اظہار کیلئے مختلف ترانے پیش کیے۔ تقریب کے شرکاء نے سندھ کی ثقافتی ٹوپی اور اجرک پہنی ہوئی ہوئی تھی جبکہ پورے پاکستان ہاؤس کو اجرکوں سے سجایا گیا تھا۔