Categories
خبریں

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ وہ لوگ جو سمجھ بیٹھے تھے پی ایس پی کے دفاتر میں ہار کے بعد کوئی لائٹ کھولنے والا نہیں ہوگا وہ مایوس ہو گئے

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ وہ لوگ جو سمجھ بیٹھے تھے پی ایس پی کے دفاتر میں ہار کے بعد کوئی لائٹ کھولنے والا نہیں ہوگا وہ مایوس ہو گئے

Homepage

*مورخہ 22 نومبر 2019*

(پریس ریلیز) چیئرمین پاک سرزمین پارٹی سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ وہ لوگ جو سمجھ بیٹھے تھے پی ایس پی کے دفاتر میں ہار کے بعد کوئی لائٹ کھولنے والا نہیں ہوگا وہ مایوس ہو گئے۔ 25 جولائی 2018 کا الیکشن امتحان تھا، اللہ کا شکر ہے ہم سرخرو ہوئے، ہارنے سے پہلے جتنے مضبوط تھے آج اس سے زیادہ مضبوط ہیں۔ لوگ وزیراعظم، میئر اور وزراء کی پارٹی چھوڑ کر اس پارٹی میں شامل ہو رہے ہیں جس کے پاس کونسلر بھی نہیں ہے۔ ہم نے جو کچھ کہا آج اللہ نے ہمارے دشمنوں کی زبانوں سے نکلوا کر سچ ثابت کر دیا ہے۔ ہم پر تنقید کرنے والے آج ہم سے یقین نہ کرنے پر معافی مانگتے ہیں۔ بانی متحدہ آج بابری مسجد کے مسئلے پر ہندؤں کی حمایت کرتے ہیں، مہاجروں کا نام لے کر مودی سے مدد اور بھارت میں رہائش کی اپیل کرتے ہیں۔ قوم نے جس کو چوکیدار بنایا تھا اسی نے ہمارے گھر کو لوٹا ہے، ہمارے حقوق کا چوکیدار ہی چوروں سے مل گیا۔ کراچی والوں سے جب حقوق چھینے جا رہے تھے تب حقوق کے رکھوالے کیا کر رہے تھے، اپنی گورنر شپ اور وزارتیں بچانے کے لیے خود اختیارات دیئے۔ ان لوگوں کو لندن کا بھی اختیار مل جائے یہ اسے بھی لیاری بنا دیں گے۔ مسئلہ اختیار کا نہیں کردار کا ہے۔ ہمارا مقابلہ کراچی کی کسی سیاسی جماعت سے نہیں بلکہ پاکستان کی بڑی جماعتوں سے ہے۔ پی ایس پی میں لسانی، مذہبی یا خاندانی بنیاد پر سیاست نہیں ہوتی۔ آج کراچی سے نکل کر پورے پاکستان میں پی ایس پی کا پرچم لہرا رہا ہے۔ہم نے سب کو جوڑنے کا جہاد کیا ہے، ناحق خون بہانے سے روکا ہے۔ ہمارے آنے سے پہلے جیل بھرے جا رہے تھے، نوجوان لاپتہ ہو رہے تھے، لوگ شہداء قبرستان جا رہے تھے۔ کراچی کو ہم نے بنایا تھا اور اب بھی ہم ہی بنا سکتے ہیں۔ کراچی میں 30 ہزار کروڑ خرچ کیئے لیکن کوئی 3 روپے چوری کا الزام نہیں لگا سکتا۔ یہاں معصوم بچوں کو کتے کاٹ رہے ہیں کوئی بچانے والا نہیں۔ وفاقی وزیر آئے سب سے ٹوئیٹر پر ٹوئیٹ کروایا اپنی میڈیا کمپین چلائی اور واپس چلے گئے۔ ٹوئیٹ کرنے سے کراچی کے مسائل حل نہیں ہونگے۔ ٹوئیٹر سے کراچی کے مسائل حل ہوتے تو آج پیرس سے بہتر ہو چکا ہوتا۔ عوام کو عملی طور پر اپنا حصہ ڈالنا پڑے گا۔ پی ایس پی کا پلیٹ فارم موجود ہے لوگ آئیں اور اسے مضبوط بنائیں۔ ایسا نظام وضع کریں گے لوگ خود بولیں گے کہ کراچی بن رہا ہے۔ لوگ ہمارا کردار دیکھیں، ہم نے حق بات کیلئے اپنی سینیٹر شپ تک چھوڑ دی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گلشن ٹریڈ سینٹر، گلشن اقبال بلاک 5 میں ڈسٹرکٹ ایسٹ کے ڈسٹرکٹ ریذیڈنٹ کمیٹی آفس کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پارٹی صدر انیس قائم خانی، اراکین سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی و نیشنل کونسل بھی انکے ہمراہ تھے جبکہ ڈسٹرکٹ ایسٹ کی خواتین کارکنان اور نوجوانوں کی بڑی تعداد بھی افتتاحی تقریب میں شریک تھی۔ علاقہ مکینوں نے بڑی تعداد میں اطراف میں قائم بلڈنگوں کی چھتوں سے سید مصطفیٰ کمال کا خطاب سنا۔ سید مصطفیٰ کمال نے ربن کاٹ کر آفس کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا۔ قبل ازیں عوام نے انکے ساتھ سیلفیاں بنائیں اور شاندار آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔ سید مصطفیٰ کمال نے ڈسٹرکٹ ایسٹ کے پارٹی ذمہ داران و کارکنان کی پارٹی کا پیغام گھر گھر پہنچانے کے لیے کاوشوں کو سراہا۔

*شعبہ نشر و اشاعت*
*پاک سرزمین پارٹی*