اراکینِ سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی و نیشنل کونسل پاک سر زمین پارٹی نے کراچی سمیت ملک بھر میں آٹے، چینی اور دالوں سمیت اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے باعث تیزی سے بڑھتی ہوئی مہنگائی پر اپنی گہری تشویش کا اظہار
October 22, 2019
*مورخہ 22 اکتوبر 2019*
(پریس ریلیز) اراکینِ سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی و نیشنل کونسل پاک سر زمین پارٹی نے کراچی سمیت ملک بھر میں آٹے، چینی اور دالوں سمیت اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے باعث تیزی سے بڑھتی ہوئی مہنگائی پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے غریب عوام کے ساتھ سراسر ظلم قراردیا ہے۔ اپنے ایک مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ غریب عوام کااستحصال ہر دورحکومت میں ہوتا چلا آرہا ہے۔ موجودہ حکومت نے اقتدار میں آنے سے پہلے ملک سے غربت کے خاتمے کانعرہ لگایا تھا مگر غربت تو ختم نہیں ہوئی البتہ حکومت غریب مکائو پالیسی پر ضرور گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام پہلے ہی مہنگائی کے بوجھ تلے دبی ہوئی ہے اور حالیہ مہنگائی کی لہر کی وجہ سے لوگوں کے گھروں کے چولہے بھج گئے ہیں، غریب عوام دو وقت کی روٹی سے بھی محروم ہو چکے ہیں۔ مزید ظلم یہ کہ جان بچانے والی ادویات اور ویکسین بھی لوگوں کی پہنچ سے باہر ہو چکی ہیں۔ اشیاء خوردونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔ جبکہ موجودہ تبدیلی سرکار عوام کو ریلیف دینے کے بجائے ان کی پریشانیوں میں مزید اضافہ کر رہی ہے۔ حکومت نے عوام سے کیا ہوا کوئی بھی وعدہ پورا نہیں کیا جس کی وجہ سے عوام میں ناامیدی کی کیفیت ہے۔ بے روزگار ہونے والے افراد کے بچوں کو فیسوں کی عدم ادائیگی پر اسکولوں سے نکالا جا رہا ہے۔ اراکین سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی و نیشنل کونسل نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان سے مطالبہ کیا کہ وہ اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں اضافے کا فوری نوٹس لیں اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کو قابو کرنے کے لیے فوری اقدامات کریں۔