مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ کے فور منصوبے کو ختم کرنا کراچی کے لوگوں کے ساتھ انتہائی درجے کی زیادتی ہے
October 13, 2019
*مورخہ 13 اکتوبر 2019*
(پریس ریلیز) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ کے فور منصوبے کو ختم کرنا کراچی کے لوگوں کے ساتھ انتہائی درجے کی زیادتی ہے۔ جو شہر پورے پاکستان کو پال رہا ہے اسے بوند بوند پانی کو ترسنے کے لیے چھوڑا جا رہا ہے۔ پاک سرزمین پارٹی نیسپاک کی رپورٹ کو مسترد کرتی ہے۔ ہمیں وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے اب کوئی بھلائی کی امید باقی نہیں رہ گئی ہے، اس لیے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اپنا کردار ادا کریں اور اس سنگین انسانی المیے کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ اس پروجیکٹ کا آغاز 2008 میں ہم نے کیا تھا لیکن ہمارے جانے کے بعد صوبائی حکومت کی نگرانی میں اس پر مزید تحقیق کی گئی اور عثمانی انٹرپرائزز سے پروجیکٹ کی تفصیلی ڈیزائننگ کرائی گئی اور ان سے کنسلٹنسی کے بعد 2014 میں اس پر کام کا آغاز کیا گیا۔ اگر عثمانی انٹرپرائزز کا پیش کردہ حتمی ڈیزائن غلط تھا تو اس کی براہ راست ذمہ دار موجودہ حکومت ہے جس کی نگرانی میں وہ ڈیزائن فائنل کیا گیا تھا۔ اس پروجیکٹ کو بنانے کیلئے پہلے ہی تمام زاویوں کا اچھی طرح سے جائزہ لیا گیا تھا۔ اب جہاں حکومت کو چاہیے کہ وہ کنٹریکٹر سے کام جلد ازجلد مکمل کرائے، وہاں بجائے اس کے حکومت کنٹریکٹر کو نوازنے کے لیے اسکی منشاء کے مطابق رپورٹس تیار کروا کر دے رہی ہے تاکہ جو کام وہ مکمل نہیں کر پا رہا اس کے بھی پیسے موصول کر کے چلتا بنے۔ اب عوام کے خون پسینے کی کمائی کے دس ارب روپے خرچ ہو جانے کے بعد اس پروجیکٹ کو ختم کرنا وہ بھی اس جواز کے ساتھ کے اگر زلزلہ آیا تو کنال کو نقصان پہنچے گا انتہائی افسوس ناک اور نا قابلِ فہم ہے، یہ اہلیان کراچی کے ساتھ ایسا مذاق ہے جس کی کوئی دوسری مثال نہیں ملتی۔ زلزلے سمیت قدرتی آفات سے کہیں بھی تباہی ہو سکتی ہے۔ کے فور منصوبے کو ختم کرنا کراچی کے خلاف بہت بڑی سازش ہے۔ پی ایس پی ایک جانب 3 سالوں سے مطالبہ کر رہی ہے کہ کے فور فیز 1 کے ساتھ فیز 2 بھی شروع کیا جائے تاکہ منصوبے کی لاگت کم اور کراچی کی عوام کو پینے کا صاف پانی ملے لیکن اس کے بر عکس اس منصوبے کو مکمل طور پر ختم کیا جا رہا ہے۔ اسی کے فور کی تکمیل کا مطالبہ کرنے کی وجہ سے شاہراہِ فیصل پر ہمارے اوپر شیلنگ کی گئی، پی ایس پی کی قیادت کو گرفتار کیا گیا اور ماؤں، بہنوں اور بچوں پر لاٹھی چارج کیا گیا تھا۔ عنقریب کراچی میں پانی کا بحران شدت اختیار کرے گا۔ کے فور منصوبہ کراچی کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ اسے ختم کر کے حکمران کراچی دشمن اقدام کر رہے ہیں۔ پاک سرزمین پارٹی کراچی کی عوام کے ساتھ کسی قسم کی زیادتی قبول نہیں کرے گی اور کے فور کی منسوخی کے خلاف پر امن احتجاج کا راستہ اختیار کرے گی۔ عوام کو بھی سمجھنا ہوگا ان کا حقیقی نمائندہ کون ہے، کون ان کے مسائل حل کرنے کی اہلیت رکھتا ہے اور ان سے مخلص ہے۔