Categories
خبریں

مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ معیشت انتہائی سست روی کا شکار ہے،

مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ معیشت انتہائی سست روی کا شکار ہے،

Homepage

*مورخہ 3 اکتوبر 2019*

(پریس ریلیز)
پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ معیشت انتہائی سست روی کا شکار ہے، جس کی وجہ سے لوگ بے روزگار ہو رہے ہیں، صنعتیں بند ہو رہی ہیں اور لوگوں میں مایوسی پھیل رہی ہے۔ حالات دن بدن سنگین ہوتے جا رہے ہیں، غریبوں کے گھروں کے چولہے بھج رہے ہیں۔ کسی بھی ملک کے لیے اس کے شہر ریوینیو انجن کی حیثیت رکھتے ہیں۔ اس لیے کراچی، لاہور اور فیصل آباد کو سیاسی اور انتظامی خود مختاری دے کر کاروباری ماحول کو بہتر کیا جا سکتا ہے۔ ملک میں ڈھائی کروڑ بچے اس وقت جاہل بڑے ہو رہے ہیں جو آگے چل کر ملکی معیشت پر بوجھ بنیں گے۔ ان حالات میں ہمیں پالیسی میں تبدیلی کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بزنس فورم کے اراکین کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر بزنس فورم کے انچارج و ممبر نیشنل کونسل قمر اختر نقوی بھی انکے ہمراہ موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاک سرزمین پارٹی صرف مسائل ہی نہیں بتا رہی بلکہ ملکی مسائل کا حل پیش کر رہی ہے۔ انہوں نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے اپنا دیرینہ مطالبہ دہراتے ہوئے کہا کہ وہ کراچی سمیت شہروں کے مسائل حل کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں تاکہ ملک کے معاشی حب کی رونقیں بحال ہو سکیں اور ملکی معیشت مستحکم ہو۔ کراچی کے مسائل حل کیے بغیر پاکستان کی معیشت کو بحال کرنا نا ممکن ہے۔ اس موقع پر انہوں نے تاجر برادری سے بلدیاتی انتخابات میں شرکت کے لیے فنڈز کی اپیل بھی کی۔ سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ہم کراچی میں پورے پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں اور اس میں ہر پاکستانی کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔