مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ کراچی سمیت سندھ کے ہر شہری کے جان و مال کی حفاظت سندھ حکومت کی ذمے داری ہے
September 3, 2019
*مورخہ 3 ستمبر 2019*
(پریس ریلیز) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ کراچی سمیت سندھ کے ہر شہری کے جان و مال کی حفاظت سندھ حکومت کی ذمے داری ہے۔ صوبائی حکومت سارا ملبہ شہری انتظامیہ پر ڈال کر خود کو بری الزمہ قرار نہیں دے سکتی۔ سندھ میں بد انتظامی کی وجہ سے شہریوں کی زندگی اجیرن ہو چکی ہے۔ وسائل کے لحاظ سے سندھ پاکستان کا امیر ترین صوبہ ہے لیکن اس کے باوجود یہاں لوگوں کا معیارِ زندگی دیگر صوبوں کے مقابلے بد ترین ہے، لوگوں کو بنیادی سہولیات میسر نہیں ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ کورنگی سے بڑی تعداد میں پیپلز پارٹی سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے کارکنان کی مرکزی دفتر پاکستان ہاؤس آمد اور پی ایس پی میں شمولیت کے موقع پر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم تعصب اور نفرتوں کی دیواریں گرا رہے ہیں اب پورے سندھ میں یہ بات شروع ہو گئی ہے کہ سیاست کسی خاندان، لسانیت یا جاگیر دارانہ نظام کے تحت نہیں ہونی چاہیے بلکہ عوامی خدمت اور مسائل حل کرنے کی اہلیت کی بنیاد پر ہونی چاہیے۔ جو عوامی خدمت میں پیش پیش ہو اسے سیاست میں موقع ملنا چاہیے۔ سیاست باکردار اور تعلیم یافتہ نوجوانوں کا کام ہے لیکن بدقسمتی سے ہمارے ملک میں سیاست کو چند خاندانوں اور اشرافیہ کی جاگیر بنا دیا گیا جس کی وجہ پاکستان کو نا قابلِ تلافی نقصان ہوا ہے، پاکستان میں عوامی لیڈر شپ کا فقدان ہے جسے پی ایس پی نوجوانوں کو موقع دے کر پُر کرے گی۔