Categories
خبریں

حالات بدلنے کیلئے فرشتے نہیں اترینگے،قوم کو خود اٹھنا پڑیگا،مصطفیٰ کمال

حالات بدلنے کیلئے فرشتے نہیں اترینگے،قوم کو خود اٹھنا پڑیگا،مصطفیٰ کمال

موجودہ معاشی، معاشرتی، سیاسی اور سماجی بدترین حالات میں عوام جب تک ظالم حکمرانوں کے خلاف متحد ہوکر کھڑے نہیں ہونگے، ظالم ظلم کرنا بند نہیں کرے گا۔ جو گھر پہلے دس ہزار میں چلتا تھا اب وہ چھتیس ہزار میں بھی نہیں چل پارہا، ظالم وہ حکمران نہیں جو ظلم کررہا ہے بلکہ ظالم وہ عوام ہے جو تمام مظالم سہ رہی ہے اور پھر خاموشی سے مررہی ہے، جو لوگ اسمبلیوں میں موجود ہیں ان کو عوام اور انکے مسائل کے حل سے کوئی سروکار نہیں ہے، ہمارے پاس اسمبلی کی کوئی سیٹ نہیں ہے، کوئی کونسلر تک نہیں جو عوام کی آواز اسمبلی اور بلدیہ میں بلند کرے، اسکے باوجود 21 جولائی کو ہم ثابت کردیں گے کہ معاملہ اختیار کا نہیں بلکہ کردار کا ہے، اس دن مظلوم اپنی خاموشی توڑ کر باغ جناح گراؤنڈ میں اتنی بڑی تعداد میں شرکت کریں کہ ظالم خوفزدہ ہوجائیں اور اس شہر پر ظلم کرنا بند کردیں، میرا وعدہ ہے کہ21 جولائی کا دن آپ کے حقوق دلانے میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا، کیونکہ ہم دن میں سیاسی پارٹی اور رات میں کوکین پارٹی نہیں کرتے. ان خیالات کا اظہار پی ایس پی چئیر مین مصطفی کمال نے ڈسٹرکٹ ملیر کے جنرل ورکرز اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا، پاک زمین پارٹی رنگ و نسل سے بالاتر ہوکر لوگوں کے بنیادی مسائل حل کرنے کیلئے کام کر رہی ہے انہو ں نے کہا کہ پاک سر زمین پارٹی حق اور سچ کے لئے آواز بلند کرتی رہے گی چایے ہم اکیلےہی کیوں نا رہ جائیں کیونکہ معاشرہ کفر پر تو قائم رہ سکتا ہے مگر ظلم پر قائم نہیں رہ سکتا، ہمارے حالات بدلنے کیلئے آسمان سے فرشتے نہیں اتریں گے، اس قوم کو اپنے حقوق کے لیے خود اٹھنا پڑے گا، میں اور میرے ساتھی عوام کے آگے کھڑا ہونگے، اللہ پاک کی سنت ہے کہ وہ اس قوم کی حالت نہیں بدلتا جو اپنی حالت بدلنے کے لیے کھڑی نہیں ہوتی، انہوں نے کارکنان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کارکنان ہر دروازے پر جائیں اور پوچھیں کہ کیا اب بھی اسی ظلم کے نظام میں رہنا ہے؟ اگر نہیں تو پاک سرزمین پارٹی کا موقع دیں اور قوم کو یقین دلائیں کہ مصطفی کمال کراچی کو ویسا ہی کردینگے جیسے پہلے کراچی بناکر دکھایا تھا۔ مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ مہاجر ہونا ہماری دنیاوی شناخت ہے، مرنے کے بعد مسلمان کی حیثیت سے دفنائے جائیں گے، مہاجر سیاست سے کچھ حاصل نہیں ہوا، تمام قومیتوں سے دور ہو گئے، اپنے ہی شہر میں در بدر ہوگئے تھے، لیکن پاک سرزمین پارٹی نے اللہ کے محبوب رسول صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کی سنت کی پیروی کرتے ہوئے نفرتوں کو مٹایا ہے اور بھائی کو بھائی سے ملایا ہے.