مصطفی کمال نے کہا کہ بلوچستان قدرتی وسائل اور معدنیات سے مالامال ہونے کے باوجود صوبے کے عوام حکومتی عدم توجہی اور نااہلی کے سبب غربت کی چکی میں پس رہے ہیں،
June 21, 2019
پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے بلوچستان میں انجینئرنگ کے ہونہار طالبعلم نظرمحمد کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے، انہوں نے ملک میں اور خصوصاً بلوچستان میں بڑھتی ہوئی بےروزگاری اور ابتر معاشی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے، اپنے ایک تعزیتی بیان میں چئیرمین پی ایس پی سید مصطفی کمال نے کہا کہ بلوچستان قدرتی وسائل اور معدنیات سے مالامال ہونے کے باوجود صوبے کے عوام حکومتی عدم توجہی اور نااہلی کے سبب غربت کی چکی میں پس رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا پسماندہ ترین صوبہ ہے یہاں پر صنعتیں نہ ہونے کی وجہ سے بے روزگاری اور غربت عروج پر ہے، مکران سمیت بلوچستان کے اکثر علاقوں کے لوگ کسمپری کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں. بےروزگاری کے باعث اکثر تعلیم یافتہ نوجوان باڈر سے ایرانی ڈیزل بلوچستان کے دیگر علاقوں میں لاکر بمشکل اپنے خاندان کے لئے دو وقت کی روٹی کمانے پر مجبور ہیں جو حادثوں کی وجہ بنتا ہے اور بےروزگار نوجوان اپنی جانوں سے ہاتھ دھو رہے ہیں انہوں نے حکومت بلوچستان سے مطالبہ کیا کہ وہ بلوچستان میں بڑھتی ہوئی بےروزگاری کے خاتمے کے لیے فی الفور اقدامات کرے، نیز نظر محمد کے اہل خانہ کی کفالت بھی کرے. دریں اثناء پاک سر زمین پارٹی کے مرکزی جوائنٹ سیکریٹری عطا اللہ کرد نے انجینئرنگ کے ہونہار طالبعلم نظرمحمد کے حادثے میں جاں بحق ہونےپر اہل خانہ سے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور سوگوار اہل خانہ کو صبر عطا کرے