لوگ ہمارے ساتھ جڑنے میں جتنی زیادہ دیر کریں گے یہاں اتنی زیادہ تباہی و بربادی ہوگی مصطفیٰ کمال
May 25, 2019
(پریس ریلیز)
پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ ملک میں بڑھتے ہوئی مہنگائی، گرتی ہوئی معشیت کے باعث،ملک نازک دور سے گزار رہاہے اور آئندہ چند مہینوں میں مزید 90 لاکھ لوگ غربت کی لکیر سے نیچے چلے جائیں گے، لوگ ہمارے ساتھ جڑنے میں جتنی زیادہ دیر کریں گے یہاں اتنی زیادہ تباہی و بربادی ہوگی لہذاظالم صرف وہ نہیں جو اپنے ہاتھوں سے ظلم کر رہا ہے بلکہ ظالم وہ بھی ہے جو تمام مظالم کے باوجود خاموش تماشائی بنا ہوا ہے۔ اگر ہم ظلم کے آگے کھڑے ہونے والے نہیں بنیں گے تو ظالم اور مضبوط ہوجائے گا، پاک سرزمین پارٹی ظلم کے نظام کے خلاف کھڑی ہے اور ہم ہی سندھ سمیت پورے پاکستان کے لیے واحد اور آخری آپشن ہیں، کراچی آخری مرتبہ ہمارے ہاتھوں سے بنا تھا اور اب بھی ہم ہی اسے بنا سکتے ہیں ان خیالات کا اظہار سید مصطفیٰ کمال نے اندرون سندھ سے آئے ہوئے مختلف وفود سے ملاقات کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر پارٹی کے صدر انیس قائم خانی، وائس چیئرمین اشفاق منگی، نیشنل کونسل کی رکن آسیہ اسحاق اور دیگر پارٹی رہنما بھی انکے ہمراہ موجود تھے۔انہوں نے کہاکہ سندھی ہمارے بھائی ہیں، بطور مہاجر ہم انہیں انصار کا درجہ دیتے ہیں، جیسے مکہ سے مدینہ ہجرت کر کے آنے والوں کو اس وقت انصار نے گلے لگایا، سندھ میں سندھیوں نے اسلام کے نام پر بننے والی اس ریاست میں ہجرت کر کے آنے والوں اور انکی اولادوں کو گلے لگایا۔ ہماری آپس میں کوئی دشمنی نہیں ہے، ہمارے آباؤ اجداد اس مٹی دفن ہیں، ہمیں بھی یہیں دفن ہونا ہے اور ہماری آئندہ آنے والی نسلیں بھی اسی سرزمین پر پھولے پھلیں گی۔ سیاسی مفادات کے حصول کیلئے ماضی میں لسانیت کی آگ کو بھڑکا کر مختلف قومیتوں کے درمیان نفرتوں کی دیواریں کھڑی کر دی گئیں جنہیں پی ایس پی نے گرا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا کوئی دشمن نہیں بلکہ اب ہمیں متحد ہو کر اپنے حقوق کے لیے نکلنا ہوگا جنہیں حکمرانوں نے سلب کر رکھا ہے تاکہ پاکستان ترقی کرے اور آنے والی نسلوں کو بہتر پاکستان اور روشن مستقبل مل سکے۔