Categories
خبریں

عیدکے بعدبڑی عوامی طاقت کا مظاہرہ کرنے کیلئے تیار ہیں،مصطفیٰ کمال

عیدکے بعدبڑی عوامی طاقت کا مظاہرہ کرنے کیلئے تیار ہیں،مصطفیٰ کمال

(پریس ریلیز) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ عید کے بعد 21 جولائی کو بڑی عوامی طاقت کا مظاہرہ کرنے کیلئے تیار ہیں کیونکہ ظالم تب تک ظلم کرتا رہے گا جب تک مظلوم خاموشی کے ساتھ ظلم سہتا رہے گا۔ ان خیالات کا اظہار سید مصطفیٰ کمال نے پاک سرزمین اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے زمہ داران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو ظالموں کے خلاف متحد ہونا ہوگا اور پاک سرزمین پارٹی کے عوامی جلسہ عام میں بھرپور شرکت یقینی بنا کر اس بات کا ثبوت دینا ہوگا کہ اب عوام جاگ چکی ہے اور ظلم اپنی انتہاء کو پہنچ چکا ہے، حکمرانوں کو اپنی کارکردگی بہتر بنانی ہوگی ورنہ عوام انہیں مکمل طور پر مسترد کر دیگی۔ پاکستان کی بگڑتی ہوئی معیشت کے ذمے دار سابقہ حکمران ہیں لیکن موجودہ حکمران بھی اسے سنبھالنے کے لیے کچھ کرتے ہوئے دکھائی نہیں دے رہے۔ انکے پاس موجودہ مسائل اور بگڑتی معاشی صورتحال سے نکلنے کے لیے کوئی لائحہ عمل موجود نہیں جبکہ پاک سرزمین پارٹی تمام مسائل کا حل پیش کر چکی ہے۔ یہ ہمارے مستقبل اور آنے والی نسلوں کی بقاء کا مسئلہ ہے، سیاست کو مزاخ بنا کر رکھ دیا گیا ہے، جھوٹے دعوے اور دعدے کر کے ووٹ لو اور یو ٹرن لے لو۔ ہم اپنے وطن عزیز کی سلامتی اور بہتری کے لیے سیاست کر رہے ہیں اور کسی کو بھی اس پاک سرزمین کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان اور طلبہ ناصرف پاک سرزمین پارٹی بلکہ پاکستان کی سب سے بڑی طاقت ہیں، پوری قوم انکی جانب امید سے دیکھ رہی ہے اس لیے 21 جولائی کو ہونے والے جلسے میں بھرپور شرکت یقینی بنا کر ملک کی خاطر سیاست میں آئیں پاک سرزمین پارٹی ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کیلئے تمام مواقع فراہم کرے گی۔