Categories
خبریں

پاک سرزمین پارٹی پہلے روز سے کر رہی ہے کہ مضبوط بلدیاتی نظام کے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا مصطفیٰ کمال

پاک سرزمین پارٹی پہلے روز سے کر رہی ہے کہ مضبوط بلدیاتی نظام کے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا مصطفیٰ کمال

(پریس ریلیز) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے پنجاب اور خیبرپختونخوا کیلئے پیش کردہ نئے بلدیاتی نظام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ تمام مطالبات پاک سرزمین پارٹی پہلے روز سے کر رہی ہے کہ مضبوط بلدیاتی نظام کے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا اور شہروں کے میئر کا انتخاب براہِ راست عوام کے ووٹ سے ہونا چاہیے جو مکمل طور پر با اختیار ہو، مزید شہروں میں ٹیکسز وصول کرنے کا اختیار بھی بلدیاتی نمائندوں کے پاس ہونا چاہیے، دو روز قبل ہی ہم نے یہ مطالبہ اپنے جنرل ورکرز کنونشن میں کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہم شروع سے کہتے آرہے ہیں کہ چھوٹے انتظامی یونٹس میں ہی عوام کے مسائل بہتر انداز میں حل ہو سکتے ہیں لیکن حکومت ہمارا سب سے اہم نکتہ بھول گئی جو کہ ڈسٹرکٹ کیڈر کا ہے کیونکہ میئر اس کے بغیر افسران کی پوسٹنگ اور ٹرانسفر کیلئے صوبائی حکومت پر منحصر ہوتا ہے اور قابلِ اعتماد افسران کے بجائے تعاون نہ کرنے والے افسران سے سمجھوتا کرنے پر مجبور ہوتا ہے جو کہ نظام کی خرابی کی سب سے بڑی وجہ ہے، شہر کے میئر کو پرفارمینس کی بنیاد پر سزا اور جزا کا اختیار ہونا چاہیے۔ سید مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ وزیراعظم کی اس پریس کانفرنس کے بعد سندھ اور بلوچستان کی عوام میں احساس محرومی بڑھا ہے کیونکہ وزیراعظم نے دو صوبوں میں نیا بلدیاتی نظام متعارف کروا دیا لیکن سندھ اور بلوچستان کے وزیر اعلیٰ سے ملاقات کر کے ان صوبوں میں اس کا اطلاق نہیں کرایا جبکہ وہ پورے ملک کے وزیراعظم ہیں، اسی لیے پاک سرزمین پارٹی یہ مطالبہ کرتی ہے کہ قومی اسمبلی میں تمام صوبوں کی نشتیں برابر ہونی چاہیے تاکہ وزیراعظم تمام صوبوں پر یکساں توجہ دے اور ملک مسائل سے نکل کر ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکے۔