,کفر کی حکومت چل سکتی ہے لیکن ظلم کی نہیں مصطفیٰ کمال
April 10, 2019
(پریس ریلیز) پاک سر زمین پارٹی کی جانب سے ڈسٹرکٹ ساؤتھ کے گارڈن ٹاؤن کی یوسی 18/B عثمان آباد، اللہ مہر چوک پر عوامی رابطہ مہم کے تحت عوامی اجتماع کا انعقاد کیا گیا۔ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی چیئرمین سید مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ کفر کی حکومت چل سکتی ہے لیکن ظلم کی نہیں، بطور پاکستانی ہمیں سوچنا ہو گا کہ ہم کس سمت میں گامزن ہیں۔ ادویات، پیٹرولیم مصنوعات، اشیاء خوردونوش، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافے سے بلا تفریق سب کی زندگیاں متاثر ہوئی ہیں۔ ہم دوسرے گھر میں لگی آگ کو بجھانے کی کوشش نہیں کریں گے تو وہ آگ بڑھ کر ہمارے گھروں تک بھی پہنچے گی۔ بطور انسان اور پاکستانی ہمیں اپنا احتساب کرتے ہوئے اپنی ذمے داریوں کا ادراک کر کے اپنے حصے کا کام کرنا ہوگا کیونکہ ملک کی ساری ذمہ داری حکمرانوں کی نہیں، ایک بچہ جب گندا پانی پینے، معیاری خوراک یا ادویات کی عدم فراہمی سے جانبحق ہوتا ہے تو پورا معاشرہ اس کا قاتل ہے جو حکمرانوں کے ظلم کے خلاف خاموش رہا۔ پی ایس پی عوامی مسائل کے حل کے لیے بلا تفریق رنگ، نسل و زبان کے بہترین پلیٹ فارم ہے۔ جو لوگ ان حالات کے باوجود لوگوں کو مرتا چھوڑ کر اپنے گھروں میں آسائشوں سے لطف اندوز ہو رہے ہیں، انہیں انکی خاموشی کا حساب آخرت میں ان مظلوموں کو دینا ہوگا۔