اگر حکومت کا چیزوں پر کنٹرول ہوتا تو اس طرح کا فیصلہ کبھی نہیں کیا جاسکتا تھا مصطفی کمال
April 8, 2019
(پریس ریلیز) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے پاکستان ہاؤس سے جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ حکومت عوام دشمن پالیسیوں پر گامزن ہے، ادویات کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافے نے عوام کی نیندیں اڑا دی ہیں، جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں بھی 200 فیصد تک اضافہ حکومت کی نا اہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ اگر حکومت کا چیزوں پر کنٹرول ہوتا تو اس طرح کا فیصلہ کبھی نہیں کیا جاسکتا تھا۔ لوگ اپنے بچوں اور بزرگوں کے لیے فکر مند ہیں، پہلے ہی افراط زر تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا اور اب ادویات کی قیمتوں میں من مانے اضافے نے رہی سہی کسر بھی ختم کر دی ہے۔ عوام کی قوت خرید بالکل ختم ہو چکی ہے۔ حکمرانوں نے اگر ہوش کے ناخن نہ لئے تو عوام اب سڑکوں پر ہوگی کیونکہ حکمرانوں نے عوام کے پاس کوئی دوسرا راستہ نہیں چھوڑا ہے۔