Categories
خبریں

تحریک انصاف قوم سے کیے گئے وعدوں پر پوری نہیں اتری، چئیرمین پاک سرزمین پارٹی سید مصطفی کمال

تحریک انصاف قوم سے کیے گئے وعدوں پر پوری نہیں اتری، چئیرمین پاک سرزمین پارٹی سید مصطفی کمال

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) چئیرمین پاک سر زمین پارٹی سید مصطفی کمال نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ابھی کچھ عرصہ پہلے گیس، بجلی اور ادویات کی قیمتوں میں سو فیصد سے زائد اضافہ کیا گیا تھا اور اب عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت نچلی سطح پر مستحکم ہونے کے باوجود پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ نا قابلِ فہم ہے. اس بلاوجہ اضافے کے باعث سے مہنگائی سے پریشان عوام کی پریشانیوں میں مزید اضافہ ہوگیا ہے، سب سے زیادہ افسوسناک پہلو یہ ہے کہ نا تو تنخواہوں میں کسی قسم کا اضافہ ہوا، نا نئی نوکریوں کا بندوبست کیا گیا بلکہ جو تھیں وہ بھی ڈاؤن سائزنگ اور دکانوں کو مسمار کرکے لاکھوں افراد کو بے روزگار کردیا گیا. قوم کو تحریک انصاف کی حکومت سے بہت امیدیں وابستہ تھیں لیکن افسوس کہ تحریک انصاف قوم سے کیے گئے وعدوں پر پوری نہیں اتری، چئیرمین پاک سرزمین پارٹی سید مصطفی کمال نے وزیرِ خزانہ اسعد عمر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ میاں بیوی اور دو بچوں کیساتھ دس ہزار میں گزارا کرکے دکھائیں. پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے اشیاء ضرورت کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوگا جسکے منفی اثرات زندگی کے ہر پہلو کو متاثر کریں گے. مصطفٰی کمال نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو مسترد کرتے ہوئے اسے فی الفور واپس لینے کا مطالبہ کردیا.