پاک سرزمین پارٹی عام آدمی کی زندگی بہتر بنانے کی جدوجہد کر رہی ہے، مصطفی کمال
March 30, 2019
(پریس ریلیز) پاک سرزمین پارٹی عام آدمی کی زندگی بہتر بنانے کی جدوجہد کر رہی ہے۔ ہمارے بچے صرف صاف پانی نہ ملنے کی وجہ سے کینسر جیسے مرض میں مبتلا ہو رہے ہیں۔ ماں باپ جانتے بوجھتے وسائل نہ ہونے کی وجہ سے نلکوں میں آنے والا زہریلا پانی اپنے بچوں کو پلانے پر مجبور ہیں اور حکومت خاموش تماشائی کی تصویر بنی ہوئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے عوامی رابطہ مہم کے تحت رنچھوڑ لائن میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پارٹی صدر انیس قائم خانی، صدر کراچی آرگنائزنگ کمیٹی سید آصف حسنین، اراکین نیشنل کونسل قمر اختر نقوی اور صوفیاء سعید بھی انکے ہمراہ موجود تھے۔ سید مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ ہمارے نوجوانوں کے پاس معیاری تعلیم نہیں، نوکریاں نہیں، مہنگائی نے لوگوں کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے جو گھر دس ہزار میں چلتا تھا اسے چلانے کے لیے اب اکیس ہزار درکار ہیں اور ہمارے حکمران صرف ایک دوسرے پر کیچڑ اچھالنے میں مصروف ہیں۔ جن اعوانوں میں عوام کی فلاح کے فیصلے اور قانون سازی ہونی چاہیے وہاں حقیقی مسائل پر بات ہی نہیں ہوتی۔ کے 4 جیسے اہم منصوبے تعطل کا شکار ہیں لیکن افسوس کی بات یہ ہے کہ حکمرانوں کو لگتا ہے کہ وہ مر کے قبر میں نہیں جائیں گے جہاں بہت سے بچے ان کی نااہلی اور ذاتی مفادات کے حصول کی دوڑ کی وجہ سے پہنچ گئے ہیں۔