پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال اور صدر انیس قائم خانی نے معروف عالمی روحانی اسکالر سید علی احمد شاہ اور سید شرف الدین بخاری سے مرکزی جامعہ نورالقران میں ملاقات کی
March 28, 2019
(پریس ریلیز) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال اور صدر انیس قائم خانی نے معروف عالمی روحانی اسکالر سید علی احمد شاہ اور سید شرف الدین بخاری سے مرکزی جامعہ نورالقران میں ملاقات کی۔ جہاں پاک سرزمین پارٹی کے رہنماؤں کا بھرپور استقبال کرتے ہوئے سید شرف الدین بخاری نے سید مصطفیٰ کمال کی شہر کیلئے خدمات اور طرزِ سیاست کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پہلے سیاست میں اخلاقیات کو ملحوظ خاطر نہیں رکھا جاتا تھا، ہم ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کی تعمیر و ترقی کیلئے پاک سرزمین پارٹی کے ساتھ کندھے سے کندھے ملا کر کھڑے ہیں۔ اس موقع پر سید مصطفیٰ کمال نے علماء اکرام کا شکریہ ادا کیا اور میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ شہر کا حال بد سے بدتر ہوتا جا رہا ہے، مہنگائی بڑھتی جا رہی ہے، غریبوں کے گھروں کے چولھے بجھ گئے ہیں، جسکا گھر 10000 میں چلتا تھا اب 21000 میں چلے گا، لوگوں کو پینے کا پانی میسر نہیں، گڑر ملا پانی پینے سے چھوٹے چھوٹے بچے کینسر کے مرض میں مبتلا ہو رہے ہیں، لوگوں کے کاروبار بند ہو رہے ہیں، لاکھوں بے روزگار ہو گئے ہیں اور حکومت کہہ رہی ہے کہ ہم غربت کا خاتمہ کریں گے جبکہ عملی طور پر غریبوں کا خاتمہ کیا جا رہا ہے۔ صرف ہمیں ہی یہ تجربہ ہے کہ عملی طور پر کیسے چیزوں کو بہتر کیا جا سکتا ہے۔ لوگوں کی خدمت، ہسپتالوں میں علاج، اسکولوں میں تعلیم، نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنا ہمارا بنیادی مقصد ہے۔ سندھ کا بیڑہ غرق کرنے والے حکمران وفاقی حکومت کے خلاف ٹرین مارچ میں مصروف ہیں جہاں روزانہ بچے خوراک کی عدم دستیابی کی وجہ سے مر رہے ہیں جبکہ دوسری جانب وزیراعظم سمیت، وفاقی وزراء اور گورنر صوبائی حکومت کے ساتھ بات کرنے پر آمادہ نہیں نتیجتاً حکمرانوں کی ذاتی رنجشوں اور مفادات کے ٹکراؤ کا نقصان صرف اور صرف عام عوام کو ہو رہا ہے۔