سائٹ لمیٹڈ میں 700 سے زائد ملازمین کو سر پلس پول میں ڈالنے پر سندھ حکومت کے اقدام کو متعصبانہ قرار دیا ہے، آصف حسنین
March 8, 2019
(پریس ریلیز) پاک سر زمین پارٹی کی کراچی آرگنائزنگ کمیٹی کے صدر آصف حسنین نے سائٹ لمیٹڈ میں 700 سے زائد ملازمین کو سر پلس پول میں ڈالنے پر سندھ حکومت کے اقدام کو متعصبانہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت تعصب میں اُردو بولنے والے سندھیوں کے معاشی قتلِ عام پر اتر آئی ہے، انہیں 10 سال گزرنے کے بعد یاد آرہا ہے کہ 2007 سے 2009 میں ہونے والی بھرتیاں متنازع ہیں جبکہ بھرتیاں تمام تر قوائد و ضوابط کے تحت ہوئی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک جانب بڑھتی ہوئی مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے جبکہ دوسری جانب وفاقی اور صوبائی حکومتیں دونوں ہی عوام کا معاشی قتلِ عام کر رہی ہیں۔ آصف حسنین نے مزید کہا کہ سندھ حکومت کھل کر شہری علاقوں سے دشمنی پر اتر آئی ہے۔ سیاسی بنیادوں پر اپنے لوگوں کو نوازنے کے لیے مستقل ملازمین کو سرپلس پول میں ڈال کر نکالنے کی کوشش کی گئی تو سخت عوامی احتجاج کا راستہ اختیار کرنے پر مجبور ہونگے۔ پاک سر زمین پارٹی ہر مشکل گھڑی میں متاثرین کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔