Categories
خبریں

پی ایس پی کے شہداء کا جن کی قربانیوں کی وجہ سے آج یہ سفر طے کر پائے مصطفی کمال

پی ایس پی کے شہداء کا جن کی قربانیوں کی وجہ سے آج یہ سفر طے کر پائے مصطفی کمال

(پریس ریلیز) جس نے ایک لمحے کیلئے بھی نیک نیتی سے ہمارا ساتھ دیا ہے ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں چاہے وہ ہمارے ساتھ نہ بھی ہوں بالخصوص پی ایس پی کے شہداء کا جن کی قربانیوں کی وجہ سے آج یہ سفر طے کر پائے۔ ان خیالات کا اظہار پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے پاکستان ہاؤس میں یوم تشکر کی تقریب کے شرکاء سے خطاب میں کیا جو سید مصطفیٰ کمال اور انیس قائم خانی کی وطن واپسی پر کی جانے والی پریس کانفرنس کے تین سال مکمل ہونے پر منایا گیا۔ اس موقع پر پارٹی صدر انیس قائم خانی، اراکین سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی، نیشنل کونسل سمیت ہزاروں کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔ سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ میری قوم الطاف حسین سے منسوب ہو کر پورے پاکستان میں تنہا ہو گئی تھی۔ غلط پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان کی دیگر قوموں کو ہمارا دشمن بنا دیا گیا تھا۔ آج ایم کیو ایم کے دوستوں کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ اپنا جائزہ لیں کہ کیا 35 سالوں سے مہاجروں کے نام پر سیاست نے مہاجروں کو کامیاب کیا ہے یا ناکام۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج پی ایس ایل کے میچز کراچی منتقل ہو رہے ہیں جس کا مطلب ہے کہ کراچی اب پاکستان کے محفوظ ترین شہروں میں شامل ہو گیا ہے جو پی ایس پی کا کارنامہ ہے۔ آج 35 سالوں میں 11 الیکشنز جیتنے اور 30 ہزار نوجوانوں کی قربانی کے بعد نام نہاد مہاجروں کی نمائندہ جماعت فرماتی ہے کہ انکے پاس پینے کا صاف پانی فراہم کرنا تو دور کی بات گٹر لائنوں کا بھی اختیار نہیں، سندھ سیکریٹریٹ میں کوئی اردو بولنے والا نہیں، 135 اسسٹنٹ کمشنرز لگا دیئے گئے جس میں ایک بھی اردو بولنے والا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ صدارتی نظام کے بغیر اس ملک میں انصاف اور ترقی ممکن نہیں سب حکمرانوں کا زبانی جمع خرچ ہے۔ انہوں نے عوام کے وسیع تر مفاد میں مطالبہ کیا کہ ملک میں سینیٹ کی طرز پر پنجاب کی قومی اسمبلی کی نشستوں کی تعداد دوسرے صوبوں کی نشستوں کے برابر ہونی چاہیے اور نیشنل فنانس کمیشن کی طرز پر ہر صوبے میں پرونشل فنانس کمیشن کا فی الفور اجراء ہونا چاہیے نیز پی ٹی آئی اپنے انتخابی منشور کے مطابق ملک میں ایسا بلدیاتی نظام نافذ کرے جو نچلی سطح تک اختیارات اور وسائل منتقل کر کے عوامی مسائل انکی دہلیز پر حل کرے۔ کراچی کے 70 لاکھ افراد کم گنے گئے اور اسی حساب سے کراچی کے وسائل بھی کم کر دیئے گئے ہیں۔ کراچی پانی کی بوند بوند کو ترس رہا ہے اور کراچی کیلئے ناگزیر K-4 منصوبہ تعطل کا شکار ہے جو جلد مکمل ہونا چاہیے۔ عوام پریشان ہے اب تو سردیوں میں بھی بجلی غائب اور گرمیوں میں گیس کی لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے۔ انہوں نے کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کو میئر کے ماتحت کرنے اور سندھ کے شہری علاقوں کے نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وفاق اور سندھ حکومت کراچی کے 6 اضلاع میں کراچی یونیورسٹی کی طرز پر یونیورسٹیوں کے قیام کا اعلان کرے۔ قبل ازیں پی ایس پی کے صدر انیس قائم خانی نے کہا کہ تین مارچ 2019 کو پی ایس پی 3 سال کی ہو گئی ہے جس پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو بات مصطفیٰ کمال کرتے ہیں سمجھ لیں وہ انیس قائم خانی کر رہے ہیں۔میں مرتے دم تک ان کے ساتھ کھڑا ہوں۔ پی ایس پی کسی کی خواہش پر کہیں نہیں جاتی، ہم بزدل نہیں، کمزور نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مصطفی کمال سیٹیں حاصل کرنے کے لیے نہیں آئے بلکہ یہاں ظلم ہو رہا تھا۔ مختلف وجوہات کے نام پر قتل ہو رہا تھا جو آج ختم ہو گیا ہے۔ اب پاک سر زمین پارٹی کا دوسرا نام مصطفیٰ کمال ہے پاک سر زمین پارٹی جب تک رہی گی تب تک مصطفیٰ کمال رہے گا، آنے والا دور مصطفیٰ کمال اور پی ایس پی کا ہے۔ اس موقع پر مختلف رہنماؤں نے کارکنان سے خطاب کیا، اس دوران پنڈال شکریہ شکریہ کمال تیرا شکریہ کے نعروں سے گونجتا رہا اور سید مصطفیٰ کمال اور انیس قائم خانی کا کارکنان کی جانب سے پر تپاک استقبال کیا گیا۔