Categories
پریس ریلیز

وزیر اعظم پاکستان عمران خان کراچی اورحیدر آباد کی مردم شماری کو کالعدم قراردے کر دو بارہ مردم شماری کے احکامات دیں۔سید مصطفی کمال

وزیر اعظم پاکستان عمران خان کراچی اورحیدر آباد کی مردم شماری کو کالعدم قراردے کر دو بارہ مردم شماری کے احکامات دیں۔سید مصطفی کمال

(پریس ریلیز) پاک سر زمین پارٹی کے چیئر مین سید مصطفی کمال نے عمران خان کو وزیر اعظم بننے پر مبارکباد پیش کی اور انہیں تین اہم مطالبات پیش کیئے ۔ وزیر اعظم عمران خان کراچی اورحیدر آباد کی مردم شماری کو کالعدم قر ار دے کر دو بارہ مردم شماری کے احکامات جاری کریں،کراچی کے 70 لاکھ افرادکو مردم شماری میں کم گن کرانکی نسل کشی کی گئی ہے۔وزیر اعظم عمران خان پاکستان کے چار وں صوبوں میں بلدیاتی حکومتوں کو مکمل اختیارات اور وسائل منتقل کرائیں۔تمام صوبائی حکومتیں فی الفور نیشنل فنانس کمیشن (NFC)کی طرز پر پرونشل فنانس کمیشن(PFC) کا اجراء کریں ۔پاکستان کے چار وں صوبوں میں بدلیاتی حکومتوں کو مکمل اختیارات دیئے جائیں نیزسر دار اختر مینگل نے جس طرح ایوان میں بلوچستان کے لاپتہ افرادکا مقدمہ پیش کیا خالد مقبول صدیقی بھی لاپتہ مہاجروں کا مقدمہ پیش کریں اور بیرسٹر فروغ نسیم کوئی قانونی راستہ نکال کر کراچی والوں کو بھی خیبر پختونخواہ اور بلوچستان کی طرز پر عام معافی دلوائیں۔جو لوگ سمجھتے تھے پی ایس پی 25 جولائی کو ختم ہو گئی انہیں مایوسی ہوگی،پاک سر زمین پارٹی پہلے سے زیادہ مضبوط ہے۔ ہم این اے 243 سمیت تمام ضمنی انتخابات میں بھرپور حصہ لیں گے۔ان خیالات کا اظہار چیئر مین پاک سر زمین پارٹی سید مصطفی کمال نے پاکستان ہاؤس میں پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔ ا س مو قع صدر پی ایس پی انیس قائم خانی سمیت دیگر پارٹی ذمہ داران بھی انکے ہمراہ موجود تھے۔ سید مصطفی کمال نے کہا کہ کراچی کے لوگوں کے ساتھ کی گئی زیادتی وزیر اعظم عمران خان اس کا ازالہ کرائیں کیونکہ نامکمل مردم شماری کی بنیاد پر انتخابات کرادیئے گئے ،کراچی کی آبادی کوملک کے دیگر علاقوں کے مقابلے کم بڑھایا گیا ہمارے گھرانے اور لوگ کم گنے گئے ہیں۔ یہ صرف میں نہیں کہہ رہا بلکہ کراچی میں رہنے والاہر شخص،دانشور ، صحافی، بیوروکریٹ اور ریٹائرڈ جج بھی کہہ رہے ہیں۔کراچی کی قومی اسمبلی کی15 اور صوبائی اسمبلی کی تقریباً 25سے 30 نشستیں آبادی کے لحاظ سے کم کر دی گئی ہیں۔ عمران خان سے درخواست کرتا ہوں کہ اس معاملے پر اپنا موقف بیان کریں اور اس زیادتی کو دور کریں ۔انہوں نے کہاکہ جب جب ملک میں صوبوں کی آواز لگی تو عمران خان نے ہمیشہ یہ کہا کہ صرف نئے صوبے مسائل کاحل نہیں ہیں بلکہ ضلعی حکومتوں کو اختیار منتقل کرنا ذیادہ اہم ہے۔جن تین صوبوں میں تحریک انصاف کی حکومت ہے وہاں وزیر اعظم عمران خان فی الفورایک نوٹیفیکیشن سے بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات منتقل کر کے دنیا کاجدید بلدیاتی نظام نافذ کرائیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسا نہ ہو کہ آپ کے وزیر اعلیٰ بھی شہباز شریف کی طرح ندی نالوں کے دورے کرے یہ میئر کے کرنے کے کام ہیں وزیر اعلیٰ کے نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان صاحب ہم سیاست نہیں کررہے بلکہ آپ کو آپ کی کہی ہوئی بات یاددلارہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم کے قائد خالد مقبول صدیقی صاحب لاپتہ افراد کے حوالے سے اسمبلی کے فلور پر معاملہ اٹھائیں اگر ان کے پاس لاپتہ افراد کی فہرست موجود نہیں تو ہم دیں گے۔ جس طرح خیبر پختونخواہ اور بلوچستان کے نوجوانوں کو موقع دیا گیا ہے اسی طرح کراچی والوں کو بھی موقع دیا جائے،بیرسٹر فروغ نسیم وزیر قانون ہیں وہ کوئی قانونی راستہ نکال لیں اورکراچی کے نوجوانوں کے لئے بھی عام معافی کا اعلان کرائیں۔