پانامہ کیس کا فیصلہ حکمرانوں کے لئے آزادی کا پروانہ نہیں بلکہ لمحہ فکریہ ہے کہ وہ اپنا قبلہ درست کریں. مصطفی کمال
April 20, 2017
کراچی() پاک سرزمین پارٹی پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا ہے کہ پانامہ کیس کا فیصلہ کچھ بھی ہوتا اس سے عوام کے مسائل حل نہیں ہوتے، حکمران تاریخ کے جابر حکمرانوں سے عبرت حاصل کریں پاکستان میں عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو جائے اور ان کرپٹ حکمرانوں کا انجام بھی ویسا ہی ہو، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی پریس کلب کے باہر لگائے ہوئے احتجاجی کیمپ کے پندرھویں روز میڈیا کے نمائندوں اور کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا، سید مصطفی کمال نے کارکنان کی جانب سے بڑی تعداد میں احتجاجی مہم میں شرکت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عوام کا مسئلہ پینے کا صاف پانی، معیاری تعلیم، اسپتالوں میں دوائیں، شہر کی صفائی، سڑکوں کی تعمیر اور سستی بجلی جیسی بنیادی ضروریات زندگی کا حصول ہے پانامہ کے فیصلے سے عام عام پر کوئی فرق نہیں پڑ رہا عوام کو ان کے بنیادی حقوق چاہیے . انہوں نے کہا کہ پانامہ کیس حکمرانوں کے لئے آزادی کا پروانہ نہیں بلکہ لمحہ فکریہ ہے کہ وہ اپنا قبلہ درست کریں اور عوام کے مسائل کے حل کے لیے سنجیدگی سے کام کریں. انہوں نے کہا کہ ڈھائی کروڑ آبادی والے شہر میں دس لاکھ لوگ ہمارے ساتھ چلیں نکلے تو تمام مسائل حل کروا کر دکھائیں گے، حکمران اس وقت اس غلط فہمی میں ہیں کہ یہ قوم ہمیشہ کی طرح جاگ نہیں سکتی لیکن وہ عوامی طاقت کو نظرانداز کرنے کی غلطی کر رہے ہیں کیونکہ اب عوام کے پاس پاک سر زمین پارٹی کی صورت میں ایک پلیٹ فارم موجود ہے جو عوام کی نمائندہ جماعت ہے. انہوں نے مزید کہا کہ ہماری احتجاجی مہم کا پہلا مرحلہ ختم ہو چکا اب کارکنان گھر گھر جائیں اور لوگوں کو پاک سر زمین پارٹی کا پیغام پہنچا کر دعوت دیں اور اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کرنے پر آمادہ کریں، پاک سر زمین پارٹی عوام کی ترجمانی کرتے ہوئے اپنے 16 نکات پر کسی قسم. کا کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی.