چیئرمین کا پیغام

چیئرمین کا پیغام

!میرے عزیز پاکستانیوں!۔۔۔۔۔ السلام علیکم

آج پاکستان کو ہمیشہ سے کہیں زیادہ اپنے مسائل کی درستگی ، اصلاحات اور اس نئے زمانے میں ایک پر استقلال قومی ریاست کے طور پر پرجوش طریقے سے اٹھ کھڑا ہونے کے لیے ایک تاریخی راہ متعین کرنے کی ضرورت ہے۔ پاکستان کے ثابت قدم عوام کو یہ موقع حاصل ہے کہ وہ اپنے تمام وسائل کو جوش و جذبے کے ساتھ استعمال کرتے ہوئے تعمیر ملک کی اپنی شدید خواہش کی تکمیل کر سکیں۔ جی ہاں یہ پاک سر زمین پارٹی کا مقصد ہے کہ ہم پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط ملک بنائیں اورنظم وضبط کی بحالی کے ذریعےتمام شہریوں کو امن وامان اور خوشحالی کے فوائد سے ہمکنار کریں، اور ثابت قدمی سے ریاست کو مستحکم، مضبوط، بامقصد اور روشن خیال ریاست بنائیں تا کہ پاکستان عالمی ہم آہنگی اور امن کے قیام کے لیے اقوام عالم میں فخریہ طور پر ایک  قیمتی شراکت دار کے طور پر شامل ہو سکے۔ ہمارا عزم ہے کہ ہم مفاد پرست طاقتور عناصر، ذاتی مفادات اور بدعنوان نظام کے مجموعی حصارکو توڑ دیں گے جو پاکستان کے اداروں کو منظم طور پر کھوکھلاکر کے ملک کو تباہ کر چکا ہے۔ یقیناً، یہی وہ مقام ہے جہاں ہم اپنافرق ظاہر کریں گے۔ پی ایس پی ہی دو منفر داور بہترین انتخاب ہے جو آپ کی تقدیر بدل سکتی ہے اور جو ہماری قوم کو جناح اور اقبال کے خواب کی عملی تعبیر دے سکتی ہے۔ 

ہم ثابت کریں گے کہ پی ایس پی روایتی، سیاسی وانتظامی نظام میں بنیادی اور انقلابی تبدیلیوں کی خواہاں ہے اور اس مقصد کے لیے تجویز کرتی ہے کہ پاکستان کا سیاسی اور آئینی نظام شہری حکومت کی بالا دستی اور باشعور صدارتی طرز حکومت ،ضلع حکومتوں اور اختیارات کی تقسیم کے منصوبے کے ساتھ مدغم ہو کر ہی قوم کو  ایک چھتری کے نیچے متحد رکھ سکتا ہے ۔ہم جانتے ہیں کہ یہ سب دستور میں وسیع تر ساختی تبدیلیوں سے ہی ممکن ہو سکے گا کہ پاکستان میں مؤثر اور کامیاب سیاسی حکومتیں قائم ہوں جو اپنے شہریوں کی توقعات پوری کرسکیں اور بہترین نظم ونسق کو بنیادی سیاسی ایجنڈ امان کر تمام سیاسی جماعتوں کو یکجا کرسکیں ۔ ہماری خواہش اورکوشش رہے گی کہ مثبت بحث کا آغاز کیا جائے اور عوام کے لیے اس نظام کی خوبیوں اور فوائد سے آگاہی کا انتظام کیا جائے تا کہ باہمی اتفاق اور تمام اکائیوں اور اسٹیک ہولڈرز کی شراکت سے آئینی و جمہوری انداز میں مضبوط اور با اختیار وفاقی ، صدارتی طرز حکومت اور عام شہری کے لیے جمہوریت کی حقیقی روح، اقتدار میں اختیار اور روزمرہ کے معاملات میں خودمختاری کا حامل بنانے کے لیے ایک با اختیار اور با وسائل مقامی وشہری حکومت کا قیام عمل میں لایا جا سکے۔ 

.پاک سرزمین زندہ باد عزت، انصاف اور اختیار سب کے لیے

سید مصطفیٰ کمال
چیئرمین
پاک سرزمین پارٹی